لیڈر لوٹے ہوتے ہیں، ووٹر نہیں، عدلیہ کا شکر گزار ہو ں: خواجہ آصف
سیالکوٹ (نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے لیڈر لوٹے ہوتے ہیں ووٹر لوٹے نہیں ہوتے ہیں۔ پانچ بار میرے حلقے کے ووٹرز نے مجھے منتخب کیا ہے میں عدلیہ کا شکریہ گزار ہو جس نے مجھے اہل قرار دیا۔ سیالکوٹ مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے اور یہاں کے لوگ میاں نواز شریف سے پیارکرتے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) ورکرز سے اظہار تشکر کی تقریب سے اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر سنیٹر ساجد میر، سابق ایم این اے افتخار الحسن المعروف ظاہرے شاہ، ضلعی صدر ادریس احمد باجوہ، سابق ایم پی اے چوہدری محمد اکرام، شجاعت علی پاشا، ملک عظمت اللہ، ڈپٹی میئر چوہدری بشیر احمد، چیئرمین نواز بھٹی، محسن بھٹہ، چیئرمین محمد رفیق، نصرت جمشید، سابق ایم پی اے گلناز پاشا، میئر توحید اختر، سابق ایم پی اے ذوالفقار غوری، چیئرمین شیخ اشرف حیدر، لالہ ظفر اقبال، رفیع راں، ملک عدیل تھیم، وائس چیئرمین عمر بٹ بھی موجود تھے۔ خواجہ محمد آصف نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک میں ان گنت ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں ان میں سی پیک میگا پرجیکٹ ہے جس کی تکمیل سے ملک میںمعاشی ترقی ہوگی۔ پاکستان روشن پاکستان بنا دیا اور ملک بھر میں شاہراہوں کا جال بچھا دیا ہے جس سے آمدو رفت میں آسانیاں پیدا ہو اجائیں گی۔دریں اثنا یونین کونسل امام صاحب کے چیئرمین مجاہد مقبول کی جانب سے دئیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اللہ رب العزت کا شکر گزار ہوں کہ آپ لوگوں کی دعائوں کی بدوشت آزمائش کی گھڑی میں نہایت کامیابی اور خوش اسلوبی سے سرخرو ہوا۔ 25 جولائی کو عوام کا ووٹ ثابت کریگا کہ کون صادق اور کون امین ہے۔ ہمیں بحیثیت نوازشریف کے سپاہی فخر محسوس کرنا چاہئے کہ پچھلے 70 سالوں میں وہ کام نہ ہوسکے جو نوازشریف کے دور میں ہوئے۔