العزیزیہ ریفرنس کی سماعت آج‘ واجد ضیاء پر جرح جاری رہےگی
اسلام آباد (نامہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں العزیزیہ سٹیل مل ریفرنس کی سماعت آج اور ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کل ہوگی، العزیزیہ سٹیل مل ریفرنس میں نواز شریف کے وکیل خواجہ حار ث آج تیسرے روز بھی جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء پر جر ح جاری رکھیں گے، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ریفرنس کی سماعت کریں گے۔ گزشتہ سماعت پر جرح کے دوران واجد ضیاء نے بتایا تھا کہ جے آئی ٹی نے ایسی کوئی دستاویز نہیں دیکھی جس سے ثابت ہو کہ نواز شریف ہل میٹل اسٹیبلشمنٹ کے مالک، ڈائریکٹر یا شیئرہولڈر ہیں، ایسی کوئی دستاویز حاصل نہیں کی جس سے ظاہر ہو کہ حسین نواز کمپنی کے واحد مالک نہیں، حسین نواز دراصل نواز شریف کے بے نامی دار ہیں، ریکارڈ کے مطابق کمپنی کا سالانہ 88فیصد منافع ٹرانزیکشنز کے ذریعے نواز شریف کو بھجوایا گیا، خواجہ حارث نے اعتراض اٹھایا تھاکہ ہم ایک مخصوص سوال پوچھ رہے ہیں جس کا جواب دینے کے بجائے واجد ضیا پرانی باتیں دہرا رہے ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ جرح میں سوالوں کے جواب کے بجائے صرف اپنی رائے بتائیں، واجد ضیا جرح میں بھی صرف جے آئی ٹی کا اخذ کردہ نتیجہ ہی لکھوانا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کل منگل 5جون کو ہو گی،گزشتہ سماعت پر سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے اپنا مکمل بیان قلمبند کرا دیا تھا جس کے بعد کیس کی سماعت پانچ جون تک ملتوی کردی گئی تھی۔