فضل الرحمن مجلس عمل کے انتخابی منشور کا اعلان کل اسلام آباد میں کرینگے
اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) دینی جماعتوں کے وسیع اتحاد متحدہ مجلس عمل کے انتخابی منشور کا اعلان 5جون (منگل کو) اسلام آباد میں کیا جائے گا، متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمن دیگر قائدین کے ہمراہ منشور کا اعلان کریں گے۔ تمام صوبوں میں متحدہ مجلس عمل کے پارلیمانی بورڈز کی طرف سے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کاکام جاری ہے سفارشات کی منظوری اور ٹکٹس جاری کرنے کا فیصلہ مرکزی پارلیمانی بورڈ کرے گا۔ ایم ایم اے کی سپریم کونسل نے دس رکنی مرکزی پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیاہے، ارکان میں لیاقت بلوچ، محمد اکرم درانی، علامہ عارف واحدی، محمد خان لغاری، حافظ عبدالکریم، اسداللہ بھٹو، محمد اسلم غوری، علامہ رمضان توقیر، رانا شفیق پسروری، محمد فیاض خان شامل ہیں۔ لیاقت بلوچ کے مطابق کاغذات نامزدگی کی اختتامی تاریخ کے فوراً بعد مرکزی پارلیمانی بورڈ صوبائی پارلیمانی بورڈ ز کی سفارشات پر حتمی فیصلے کرے گا۔ متحدہ مجلس عمل کا امیدوار وہی ہوگا جسے مرکزی پارلیمانی بورڈ ٹکٹ جاری کرے گا۔ قومی اور صوبائی امیدواران پر اگر کوئی اختلا ف ہوگا تو آخری فیصلہ سپریم کونسل کا ہوگا۔ انتخابات کا بروقت انعقاد ہی آئین کی پابندی ہے، اس سے انحراف جمہوریت و آئین سے انحراف ہوگا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمن اور مرکزی قیادت 5 جون کو اسلام آباد میں منشور کا اعلان کریں گے۔