آبی قلت کا نوٹس : کشن گنگا ڈیم پاکستان کیلئے واٹر بم ‘ اب پانی کا مسئلہ ہمارے لئے اہم ترین : چیف جسٹس‘ کالا باغ ڈیم سمیت تمام کیسز ہفتے سے سننے کا اعلان
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت+ اے این این)سپریم کورٹ نے ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران کالا باغ ڈیم کی تعمیر سمیت ڈیمز سے متعلق دیگر مقدمات آئندہ ہفتے سماعت کیلئے مقرر کردیئے۔ پاکستان میں نئے ڈیم کی تعمیر اور پانی کی قلت پر قابو پانے کی مہم عروج پر پہنچ گئی، سپریم کورٹ نے پانی سے متعلق مقدمات کی سماعت کا اعلان کر دیا۔ مقدمہ کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا یہ واٹر بم کا معاملہ ہے، ہم پانی کے معاملے کو بہت سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں، پانی ہمارے بچوں کا بنیادی حق ہے، ہماری ترجیحات میں سب سے اہم پانی ہے، بھارت کے کشن گنگا ڈیم کے باعث نیلم جہلم خشک ہوگیا، ہم نے اپنے بچوں کو پانی نہ دیا تو کیا دیا؟۔ فاضل عدالت نے وفاقی حکومت سے تحریری جواب طلب کر لیا۔ سوموار کے روز چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل پر مشتمل تین رکنی بنچ نے پانی کی قلت اور نئے ڈیم کی تعمیر سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گذار بیرسٹر ظفر اللہ نے موقف اختیار کیا ہم پانی کی اسی صورتحال کو دیکھتے رہینگے تو مر جائیں گے، پاکستان کی 20 فیصد شرح ترقی پانی پر منحصر ہے، 48 سال ہو گئے ملک میں کوئی ڈیم نہیں بنا۔ چیف جسٹس نے کہا یہ بات ذہن نشین کر لیں آج سے ہماری ترجیحات میں سب سے اہم پانی ہے، ہفتہ 9جون کو کراچی، اتوار کو لاہور اور پھر اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ میں پانی سے متعلق تمام مقدمات سنیں گے، پانی کی قلت اور ڈیم کی تعمیر سے متعلق تمام مقدمات کو خصوصی طورپر سنا جائے گا، پانی کی قلت سے متعلق تمام مقدمات ہفتے کو سنیں گے۔ سپریم کورٹ نے بھارت کی جانب سے نئے ڈیم کی تعمیر پر تشویش کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس نے کہا پچھلے دنوں بھارت نے کشن گنگا ڈیم بنایا جس سے نیلم جہلم خشک ہوگیا، پانی سے متعلق تمام مقدمات ہفتے کے دن سپریم کورٹ رجسٹری کراچی جبکہ اتوار کو لاہور میں سنوں گا۔ جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا کسی پارٹی کی ترجیحات میں پانی کے مسئلے کا حل نہیں۔ چیف جسٹس بولے کسی پارٹی کے منشور میں بھی پانی کا ذکر نہیں، پانی کے ایشو سے زیادہ کوئی ایشو اہم نہیں۔ فاضل عدالت نے قرار دیا ہفتے کے دن سپریم کورٹ رجسٹری کراچی جبکہ دس جون لاہور رجسٹری میں پانی سے متعلق مقدمے کی سماعت سنیں گے جبکہ سپریم کورٹ رجسٹری اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ میں پانی کی قلت سے متعلق سماعت ہوگی۔ واضح رہے اس وقت پاکستان کے سوشل میڈیا پر پینے کے صاف پانی کی قلت، کالا باغ اور نئے ڈیمز کی تعمیر کیلئے زور شور سے مہم جاری ہے۔ نیٹ نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے کالاباغ ڈیم کیس 9جون کوسماعت کیلئے شیڈول میںشامل کیا ہے۔ کیس کی سماعت سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہوگی۔ اے این این کے مطابق چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے ملک میں پانی کی فراہمی کی کمی کا ازخود نوٹس لے لیا۔ چیف جسٹس نے پانی کی فراہمی میں کمی کے ازخود نوٹس کیس کی اسلام آباد میں سماعت 7 جون کو مقرر کرتے ہوئے اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل، چیئرمین سی ڈی اے اور میئر اسلام آباد کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے از خود نوٹس کی سماعت کراچی، لاہور، پشاور اور اسلام آباد رجسٹریز میں ہوگی۔ سپریم کورٹ نے 7جون کے لئے سی ڈی اے کے اعلیٰ حکام، اٹارنی جنرل‘ ایڈووکیٹ جنرل اور دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ان سے دارالحکومت میں پانی کی کمی سے متعلق جواب طلب کرلیا۔نیشن رپورٹ کے مطابق عدالت نے بھارت کی جانب سے کشن گنگا ڈیم کی تعمیر پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کیلئے ”واٹر بم“ قرار دیا۔
چیف جسٹس/پانی