• news

پاکستان میں سرمایہ کاری کے قوانین غیر ملکیوں کیلئے مفید ثابت ہوں گے: صدر ممنون

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان بیلا روس کے ساتھ صنعت، تجارت اور زراعت کے شعبوں میں اضافے کا خواہشمند ہے اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ صدر مملکت نے یہ بات پیر کو بیلاروس کیلئے پاکستان کی نامزد سفیر لینا سلیم معظم سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو غیر معمولی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان انتہائی گہرے دوستانہ مراسم ہیں۔ انہوں نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ دوطرفہ دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون میں اضافے پر فوری توجہ دیں۔ علاوہ ازیںصدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے نہایت دوستانہ ماحول، انتہائی لچکدار اور بہترین قوانین متعارف کرائے گئے ہیں جو سرمایہ کاروں اور پاکستان دونوں کے لیے مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔صدر مملکت نے یہ بات پیر کو یونان کے سبکدوش ہونیوالے سفیر دیمی ٹریوس زرئے ٹس سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے یونان کے ساتھ انتہائی گہرے دوطرفہ تعلقات ہیں جن میں مزید گہرائی پیدا کرنے کے لیے سبک دوش ہونے والے سفیر نے بہت محنت سے کام کیا ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انھوں نے کہاکہ دونوں ممالک صنعت ، تجارت اور مواصولات کے شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرسکتے ہیں۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یونان کے صنعتکار، تاجر اور سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری اس سلسلے میں انتہائی مناسب موقع فراہم کر رہی ہے۔ سبکدوش ہونے والے سفیر دیمی ٹریوس زرئے ٹس نے پرجوش مہمانوازی پر صدر مملکت ، حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان میں قیام کی خوشگوار یادیں ان کے ذہن میں ہمیشہ تازہ رہیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن