• news

نہروں میں ڈوب کربہن بھائی سمیت 4 بچے ، 8 نوجوان ، گرمی سے 2 افراد جاں بحق

لاہور+ فیروزوالا+ قصور+ بٹگرام (نامہ نگاران) کالاخطائی روڈ بی آر بی نہر میں نہاتے ہوئے طالب علم سمیت 2نوجوان ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ امامیہ کالونی کے رہائشی محمد صدیق کا طالب علم بیٹا وسیم احمد 21سالہ تین دوستوں کے ہمراہ گرمی کی شدت کے باعث بی آر بی نہر پر نہانے گئے جہاں نہاتے ہوئے وسیم احمد ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔ ریسکیو عملے نے متوفی کی نعش نکالنے کے لئے تلاش کی مگر نہ مل سکی۔ مریدکے میں سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے 18سالہ نوجوان محمد زمان سلائیڈنگ سے گر کر پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔ متوفی حدوکی کا رہنے والا تھا۔ شہریوں نے متوفی کی نعش پانی کے تالاب سے باہر نکال لی۔ ساہیوال، بصیرپور، ڈسکہ، سرائے عالمگیر، سیالکوٹ، وہاڑی سے نامہ نگاران کے مطابق مختلف شہروں میں گرمی اور نہر میں ڈوبنے سے نامعلوم معمر شخص سمیت 6افراد جاں بحق ہوگئے۔ ساہیوال میں گرمی کی شدید لہر کے سبب دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ درجنوں سول ہسپتال داخل، دو کی حالت نازک۔ شدید گرمی کے سبب طارق بن زیادہ کالونی کے خرم سلیم 22 سالہ اور چیچہ وطنی کے مہمان آئے سجاد نذیر 36سالہ کو گرمی کے سبب بیہوشی کی حالت میں سول ہسپتال ایمرجنسی لایا گیا جہاں دونوں دم توڑ گئے‘ دو افراد عظیم اور اقبال کی حالت نازک ہے۔ دیہاتیوں نے بصیرپور دیپالپور روڈ پر واقع کولڈ سٹوریج کے قریب نامعلوم معمر شخص کے مردہ پائے جانے کی اطلاع دی تھی جس پر چورستہ میانخاں پولیس نے نعش قبضہ میں لے لی شناخت نہ ہونے پر پولیس نے اسے میونسپل کمیٹی بصیرپورکے حوالے کر دیا۔ ڈسکہ میں پابندی کے باوجود نہر میں نہاتے ہوئے 22 نوجوان مزمل حسین سرائے عالمگیر میں نہر میں نہاتے ہوئے دو دوست شاہجہاں اور حمزہ ڈوب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ تیسرے دوست ندیم کو موقع پر موجود لوگوں نے بچالیا۔ دوسری طرف گرمی کے باعث بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سیالکوٹ کے علاقوں میانہ پورہ، کشمیر روڈ، ماڈل ٹائون، شاہ سیداں، حاجی پورہ، فتح گڑھ، اگوکی، مظفر پور، کوٹلی لوہاراں، ہیڈ مرالہ، چپراڑ، سید پور، ستراہ، بڈیانہ، سبز پیر، کنگرہ سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ جار ی رہی جس سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے۔ وہاڑی میں بھی سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ شہریوں نے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔بٹگرام سے نامہ نگارکے مطابق آلائی بیاری خوڑ میں نہاتے ہوئے بہن اور بھائی سمیت ایک ہی خاندان کے4بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے طویل جدوجہد کے بعد لاشیں پانی سے نکال کر ورثاء کے حوالے کردی گئیں،چھوٹے شدید گرمی کے باعث نہانے کیلئے خوڑ گئے تھے اس ضمن میں آلائی پولیس اور مقامی افراد نے میڈیا کو بتایا کہ تحصیل آلائی کے علاقے بیاری سے تعلق رکھنے والے کمسن بچے ارسلان ولد بخت تواب، سلمہ دختر بخت تواب، آمنہ دختر منہاج اور حسینہ دختر نواب نہانے کیلئے بیاری خوڑ گئے تھے جہاں پر نہانے کے دوران ڈوب گئے۔ کئی گھنٹے بعد چاروں لاشیں پانی سے باہر نکال لی گئی اور انھیں تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال آلائی منتقل کردیا اور ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئی واقعہ کی خبر سے علاقے میں کہرام مچ گیا ایک ہی خاندان کے چار بچوں کی لاشیں گھر میں داخل ہوتے ہی رشتہ داروں پر بے ہوشی کے دورے پڑنے لگے، سپرد خاک کرد یا گیا۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق نورپور نہر میں ایک 12سالہ لڑکا عدنان نہا رہا تھا کہ گہرے پانی میں جانے کی وجہ سے ڈوب گیا جبکہ پتوکی کے نواح ہنجرائے کلاں کے نزدیک 13سالہ لڑکا نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔

ای پیپر-دی نیشن