حرمین شریفین میں معتکفین کے سامان کے لئے 500 امانت بکس تیار
مکہ مکرمہ (اے پی پی) حرمین شریفین انتظامیہ نے زائرین کو امانت گھر میں اپنے سامان محفوظ کرنے کے لئے 500’’امانت بکس‘‘ مہیا کر دیئے۔ اعتکاف میں بیٹھنے والے ان میں اپنی قیمتی اشیاء رکھ سکتے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے موبائل چارج کرنے کا بھی بندوبست کرنے کے ساتھ ساتھ تکیہ، گدا، چادریں اور صفائی کے لوازمات بھی معتکفین میں تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مسجد الحرام میں اعتکاف کے لئے شاہ فہد کے توسیعی منصوبے کے تہہ خانے میں سامان لے جانے کے لئے 75، 76، 77، 81، 82اور 83نمبر کے گیٹ مختص کردیئے گئے ہیں۔ ان دروازوں پر معتکفین کو کارڈ اور پمفلٹ بھی پیش کئے جائیں گے۔ یہ کام دروازوں کے انچارج سرانجام دیںگے۔