لیڈز میں بدترین شکست کے باوجود سرفراز کو نوجوان ٹیم پر فخر
لاہور(سپورٹس ڈیسک)قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ہیڈنگلے میں انگلینڈ کے خلاف اننگز اور 55رنز سے شکست کے باوجود انہیں اپنی نوجوان ٹیم کی کارکردگی پر فخر ہے۔ بدترین شکست کے باوجود بلے سے مستقل ناقص کارکردگی دکھانے والے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن نظر آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب ہم یہاں آئے تو لوگ ہی سوچ رہے تھے کہ ہم ایک میچ بھی نہیں جیت سکیں گے لیکن ہم نے جس طرح لارڈز میں کارکردگی دکھائی وہ بہت شاندار تھی، ہماری فاسٹ باؤلنگ، فیلڈنگ اور بیٹنگ بہت عمدہ تھی۔ مایوس کن امر یہ ہے کہ ہمارے پاس سیریز جیتنے کا نادر موقع تھا لیکن بدقسمتی سے ہم نے یہاں اچھا کھیل پیش نہیں کیا۔ کپتان نے کہا کہ ہم جتنا ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے ہیں، اتنا ہی میچور ہوتے چلے جاتے ہیں۔ ایک عرصے بعد یکے بعد دیگرے تین ٹیسٹ میچ کھیلنا ٹیم کے لیے سخت چیلنج ثابت ہوا۔