• news

پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ فرانسیسی کوہ پیمائی پروگرام میں شامل

پیرس( صاحبزادہ عتیق سے ) چھیاسٹھ سالہ ماہرفرانسیسی کوہ پیما مارک بیتیغ نے پاکستان کے مایہ ناز کوہ پیما محمد علی سدپارہ کو نیپال کے پسانگ نورو شیرپاکے ساتھ پانچ سالہ کوہ پیمائی پروگرام ماؤنٹ ایورسٹ اور اس سے آگے کے کوہ پیمائی کے پروگرام میں شامل کر لیا ہے۔ پروگرام کے تحت کوہ پیماؤں کی تین رکنی ٹیم 2019 میں نانگا پربت، 2021 میں کے ٹوکی چوٹی سر کرے گی جبکہ ٹیم سال 2022 میں مارک بیتیغ کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر دنیا کی سب سے بڑی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کا پروگرام بھی رکھتی ہے۔ مارک بیتغ نے حال ہی میں سفیر پاکستان معین الحق سے ہونے والی ایک ملاقات میں اپنے کوہ پیمائی کے منصوبے اور نیپال میں کوہ پیمائی کے سکول کے قیام کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران سفیر پاکستان نے مارک بیتغ کوہ پیمائی کے پروگرام میں محمد علی سدپارہ کو شریک کرنے اور پاکستان میں بھی کوہ پیمائی کے بارے میں تعلیم و تربیت دینے کیلئے سکول کھولنے کی تجویز تھی۔ مارک بیتغ نے سفیر پاکستان کو اپنے ساتھ پاکستان کے دوروں کے دوران پیش آنے والے شاندار اور خوشگوار تجربات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ محمد علی سدپارہ کے کوہ پیمائی کے پروگرام کی تین رکنی ٹیم میں شمولیت سے پاکستان کے حقیقی چہرے کو دنیا کے سامنے پیش کرنے میں مدد ملے گی۔ 41 سالہ پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ، سیمونے مورو اور الیکس ٹیکسکون اٹلی کے کوہ پیماؤں کے ہمراہ 2016 کے موسم سرما میں نانگا پربت کی چوٹی (8126 m) کو سر کرنے کے علاوہ دنیا بھر کی درجنوں چوٹیوں کو بھی سر کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن