نشتر کالونی: پسند کی شادی پر فائرنگ کر کے میاں بیوی کو قتل کر دیا
لاہور، کاہنہ (نامہ نگار) نشتر کالونی کے علاقے میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کرفائرنگ کر کے میاں، بیوی کوموت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہو گئے سوئی گیس ہاؤسنگ سوسائٹی کے رہائشی ریلوے کنٹریکٹر سلمان اور اس کی دوسری بیوی نورین کو گزشتہ روز نامعلوم افراد نے گھر میںگھس کر سر میں گولیاں مار کر قتل کر دیا ۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر میاں ،بیوی کی نعشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے جمع کرا دی جبکہ فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے ۔ پولیس نے مقتولہ کے بھائی فہد حسین کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ پولیس کے مطابق ریلوے کنٹریکٹرسلمان نے 4سال قبل طلاق یافتہ نورین سے پسند کی دوسری شادی کی تھی۔ جس کی وجہ سے اس کی پہلی بیوی اپنے بچوں کو لے کر میکے چلی گئی۔ سلمان اور نورین 4 سال سے اسی سوسائٹی میں رہائش پذیر تھے ۔شبہ ہے کہ دونوں کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا تاہم اصل حقائق تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے ۔