• news

یورینیئم افزودگی : ایران اسرائیل کو تباہ کرناچاہتا ہے ، اس کے خلاف جوجی اتحاد بنایاجائے

تہران (بی بی سی + اے این پی) ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ یورینیم کی افزودگی کی صلاحیت بڑھانے کے بارے میں اقوام متحدہ کے جوہری ادارے آئی اے ای اے کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ ایران کی جوہری توانائی کے ادارے کا کہنا ہے کہ اس بارے میں منگل کو ایک خط آئی اے ای اے کو دیا گیا ہے۔ ایران کے جوہری ادارے نے اعلان کیا ہے کہ وہ افزودگی کا سب سے اہم جز یورینیم ہیگزا فلورائڈ زیادہ بنائے گا۔ ایران کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب امریکی صدر نے ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے مابین طے پانے والے معاہدے سے نکلنے کا اعلان کیا تھا۔ ایرانی حکام کے اس اعلان سے قبل ملک کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا تھا کہ انھوں نے متعلقہ حکام کو حکم دیا تھا کہ اگر جوہری معاہدہ مکمل طور پر ختم ہو گیا تو وہ افزودگی کے لیے اپنی تیاریاں تیز رکھیں۔ انھوں نے یورپی ممالک کو بھی خبردار کیا کہ ایران امریکی پابندیوں کے ساتھ اپنے جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے لیے کوئی دباؤ برداشت نہیں کرے گا۔ ایران کے سپریم رہنما نے کہا تھا کہ ’بعض یورپین دونوں چیزوں پر بات کر رہے ہیں کہ ایران پابندیوں کو بھی برداشت کرے اور دفاعی میزائل پروگرام کو بھی محدود کرے جو کہ ملک کے مستقبل کے لیے ضروری ہے۔ میں یورپی حکومتوں کو بتا رہا ہوں کہ یہ وہ خواب ہے جو کبھی پورا نہیں ہو گا۔‘ یاد رہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے معاہدہ توڑنے کے بعد یورپی ممالک نے بہت کوشش کی کہ اس معاہدے کو بچایا جا سکے۔ امریکی حکام کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ 'نئے معاہدے' کے لیے ایران کو 12 شرائط پوری کرنی ہوں گی۔ ان شرائط میں شام سے ایرانی فورسز کا انخلا اور یمن میں حوثی پاغیوں کی حمایت ختم کرنا شامل ہے۔ ادھر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا یورینیم افزودگی کا ایران کا فیصلہ، مقصد اسرائیل کو تباہ کرنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن