• news

فیصل آبادمسلم لیگ ن الیکشن کمیٹی کے انٹرویوختم، سابق ارکان اسمبلی ، وزراور عہدیداروں کے ایک دوسرے پرسنگین الزامات

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ(ن) کی فیصل آباد ضلع سے متعلقہ الیکشن کمیٹی کے روبرو انٹرویوز گزشتہ رات سحری کے قریب ختم ہو گئے۔ اس دوران کئی عہدیداران، سابق ارکان اسمبلی اور سابق وزراء ایک دوسرے پر سنگین نوعیت کے الزامات جبکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 109 کے ٹکٹ کیلئے خواہشمند سابق ایم این اے میا ںعبدالمنان اور اعجاز ورک کے حامیوں کے مابین جھگڑا شدت اختیار کرگیا اور اس دوران جس شادی ہال میں انٹرویو لئے جا رہے تھے اس کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ صورتحال الیکشن کمیٹی کے قابو سے باہر ہو گئی اور دونوں ٹکٹ کے خواہشمند حضرات کے حامیوں کی دھینگا مشتی سے ہوٹل بھی بری طرح متاثر ہوا۔ رانا ثناء اللہ، عابد شیرعلی، رانا محمد افضل تینوں سابق وزراء بھی انٹرویو میں شامل ہوئے۔ انٹرویوز کا سلسلہ گزشتہ رات کے آخری پہر تک جاری رہا۔ انٹرویوز کے دوران سابق وزیرمملکت طلال چوہدری کے مخالف پارٹی ٹکٹ کے امیدوار آفتاب اکبر نے طلال چوہدری پر شدید نوعیت کے الزامات عائد کئے۔ اسی طرح سابق وزراء عابد شیرعلی اور رانا محمد افضل جن کے حلقوں میں پی پی 114 کی کچھ یونین کونسلز ان کے حلقہ انتخاب این اے 110 اور این اے 108 میں شامل ہونے کی بناـء پر پی پی114 سے مسلم لیگ(ن) کے سابق رکن صوبائی اسمبلی اور سٹی صدر شیخ اعجاز احمد کے خلاف اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ سابق ارکان صوبائی اسمبلی الیاس انصاری اور خالد سعید کے خلاف بھی شدید الزامات اور شکایات سامنے آئی ہیں۔ مسلم لیگ(ن) کے ذرائع کے مطابق آئندہ ایک دو روز میں چند ارکان صوبائی اسمبلی کے ناموں میں تبدیلی آ سکتی ہے اور کئی نئے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹیں دی جا سکتی ہیں کیونکہ میاں محمد نوازشریف کے فیصلے کے مطابق 2013ء کے ٹکٹ ہولڈرز کو ہی پارٹی ٹکٹیں بحال رکھی جائیں گی لیکن دو سے تین سابق ارکان صوبائی اسمبلی انتہائی کمزور ہیں جن کے ناموں میں تبدیلی کیلئے ہر طرف سے سفارشات پیش کی جا رہی ہیں جسے پارٹی قیادت کی طرف سے رد کرنا آسان کام نہیں جبکہ دوسری طرف سنی اتحاد کونسل نے فیصل آباد میں مختلف حلقوں کیلئے اپنے انتخابی امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے امیدواران اپنے انتخابی نشان گھوڑا پر الیکشن لڑیں گے۔ صاحبزادہ حامد رضا این اے 110اور این اے 106، ملک بخش الٰہی این اے108، عبد الغفار سلطانی این اے 107، حافظ ابرار احمد این اے 105، میاں فہیم اختر این اے 104، صاحبزادہ حسین رضا پی پی 113، صاحبزادہ حسن رضا پی پی 117، ملک بخش الٰہی پی پی 111، میاں راشد محمودسدھے میاں پی پی 114سے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار ہوں گے۔ امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی ریٹرنگ افسران سے وصول کرلیے ہیں۔ پیپلزپارٹی تاحال صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر امیدوار مکمل کرنے میں ناکام ہے۔

ای پیپر-دی نیشن