ایم ایم اے امپائر کی انگلی کی بجائے عوام کے انگوٹھے پر یقین رکھتی ہے:شاہ اویس
لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے کہا ہے کہ ایم ایم اے ایمپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے پر یقین رکھتی ہے۔ الیکشن میں تمام مداریوں اور کھلاڑیوں کو شکست دیں گے۔ ایم ایم اے کا عوام دوست منشور قوم کے دل کی آواز ہے۔ ناچ گانے والی پارٹی الیکشن سے پہلے ہی ہار چکی ہے۔ ریحام خان کی کتاب عمران خان کا بیڑہ غرق کر دے گی۔ اسلام پرست ووٹرز بلے بازوں کے الیکشن جیتنے کے خواب چکنا چور کر دیں گے۔ متحدہ مجلس عمل محروم طبقات کی ترجمانی کرے گی۔ بروقت اور شفاف انتخابات سے جمہوریت مستحکم ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے عہدیداران و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ ایم ایم اے حق اور سچ کی علمبردار ہے۔ دھرنا پارٹی نے سیاست کو بازیچہ اطفال بنا دیا ہے۔ انتخابات ملتوی ہوئے تو پھر انعقاد کی کوئی ضمانت نہیں۔ وقت مقررہ پر انتخابات کرانا نہ صرف آئینی تقاضا ہے بلکہ اس سے ہیجانی کیفیت کا خاتمہ بھی ہو سکے گا۔ ہماری طاقت اسلام سے محبت کرنے والی عوام ہے۔ الیکشن کے التوا سے متعلق بلوچستان اسمبلی کی قرارداد کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے باوجود غیر یقینی فضا موجود ہے۔ نگران وزرائے اعلی کے نام پر تحریک انصاف کا منفی طرز عمل پوری قوم نے دیکھ لیا ہے۔ نشہ کرنے والے شخص کو ملک تو کجا گاڑی بھی ڈرائیو کے لئے نہیں دی جا سکتی۔