خوشحالی پاکستان کے دعوئوں کی قلعی کھل چکی:رانا نعیم
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف ضلع گوجرانوالہ کے سابق صدر امیدوار حلقہ این اے 80 رانا نعیم الرحمان خاں نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی طرف سے خوشحال پاکستان کے دعوئوں کی قلعی کھل چکی ہے، پنجاب کے عوام کو محرومیوں اور مایوسیوں کے تحفے دینے والے آئندہ عام انتخابات میں عبرتناک شکست سے دوچار ہوں گے، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے لوگوں میں شعور بیدار کیا ہے، ن لیگ نے لوٹ مار کے ریکارڈ قائم کر کے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی سیکرٹریٹ پی ٹی آئی سوئی گیس روڈ پر کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جہاں زیب خاں منج، خرم مختار چیمہ، رانا معاذ، سیٹھ لقمان، ملک رمضان، عمران بیگ و دیگر موجود تھے۔ رانا نعیم نے کہا کہ پارٹی منشور پروگرام کو عوام تک پہنچانے کے لیے جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔