ترقی یافتہ پرامن پاکستان منزل‘ انتخابات میں سر اٹھا کر عوام کے پاس جائیں گے : شہبازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) شہباز شریف سے جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سینیٹر ساجد میر نے ملاقات کی۔ شہبازشرےف نے کہاکہ ترقی یافتہ، خوشحال، پر امن اور روشن پاکستان ہماری منزل ہے۔ گزشتہ 5 برس کے دوران ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کےلئے بے پناہ محنت سے کام کیا گیا۔ مشترکہ بصیرت سے کئے جانے والے اجتماعی فیصلوںکے مثبت نتائج سامنے آئے، منفی سیاست کے علمبردار پاکستان کی ترقی اور خوشحالی نہیں چاہتے۔ ”میں“ اور ”تم“ کی سیاست کسی طور پر ملک کے مفاد میں نہیں، ”ہم“ کے راستے پر چلیں گے تو پاکستان توانا ہوگا۔ سب کو پاکستان کو مل کر ہی آگے لے کر جانا ہے اور ملک کو مل کر ہی ترقی دینا اور سنوارنا ہے۔ شہبازشریف کی زیرصدارت پارٹی کے پارلمیانی بورڈ کے اجلاس میں گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے انٹرویوز کئے گئے۔ شہبازشریف نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) مکمل تیاری کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی اور ہماری 5سالہ کارکردگی عوام کے سامنے ہے، باشعور عوام بخوبی جانتے ہیں کہ کس نے ان کی خدمت کی اور کس نے عوامی مینڈیٹ کو بری طرح نظرانداز کیا ہے، شفاف اور منصفانہ انتخابات ہی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن بنیں گے۔ شہبازشریف نے سینیٹر چودھری تنویر سے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا دور پاکستان کی تاریخ کا سب سے بہترین دور رہا ہے۔ سیاسی مخالفین کی رکاوٹوں کے باوجود ترقی کے سفر کو رکنے نہیں دیا۔ ہمارے مخالفین نے سندھ اور کے پی کے میں تباہی اور بربادی کی داستانیں رقم کیں جبکہ ہم نے محنت، دیانت، شفافیت اور بچت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انتخابات میں سر اٹھاکر عوام کے پاس جائیں گے۔ شہبازشریف سے مسلم لیگ (ن) سندھ کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ شہبازشریف نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کوشاں ہے اور کوشاں رہے گی۔ سندھ کے حمکرانوں نے کراچی اور اپنے صوبے کے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی، اسی لئے کراچی سمیت سندھ اپنی بربادی پر نوحہ کناں ہے۔ انتخابات میں عوام نے موقع دیا تو کراچی سمیت سندھ کو لاہور اور پنجاب بنا دیں گے۔
شہبازشریف