• news

امریکی نائب صدر کا ناصر الملک کو فون‘ تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کو نائب امریکی صدر مائیک پنس نے ٹیلی فون کیا اور عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ مائیک پنس نے ناصر الملک کی بطور جج خدمات کو سراہا اور صدر ٹرمپ کی جانب سے نگران وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا مائیک پنس نے کہا کہ توقع ہے ناصر الملک پاکستان میں انتخابات کرانے کیلئے مینڈیٹ کو پورا کریں گے۔ دونوں رہنما¶ں نے افغانستان میں امن و استحکام کے مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے ملکر آگے بڑھنے اور پاک امریکہ تعلقات مضبوط بنانے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ نگران وزیراعظم نے امریکی نائب صدر کی مبارکباد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نگران حکومت انتخابات کے شفاف انعقاد کیلئے الیکشن کمشن کی معاونت کر رہی ہے، منتخب حکومت کو اقتدار کی منتقلی کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائیں گے۔ ناصر الملک کی زیر صدارت اجلاس ہوا، سیکرٹری پٹرولیم نے گیس و پٹرولیم مصنوعات پر بریفنگ دی اور ملک میں دستیاب تیل و گیس کے ذخائر سے متعلق آگاہ کیا۔ سیکرٹری پٹرولیم نے کہا کہ ملک کو 79.58ملین ٹن توانائی کی ضرورت ہے، توانائی کی طلب 38فیصد گیس اور 34فیصد تیل سے پوری کی جاتی ہے، 6فیصد توانائی ایل این جی، ایل پی جی اور دیگر ذرائع سے پوری کی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک سے گورنر سٹیٹ بنک طارق باجوہ نے جمعرات کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ناصر الملک سے نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ملاقات کی اور نگران وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ علاوہ ازیں نگراں وزیراعظم نے اپنی کابینہ میں فی الوقت توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نگران وزیر اعظم نے وفاقی وزارت توانائی اور آبی وسائل کا اضافی چارج نگران وزیراطلاعات سید علی ظفر کو دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے منظوری دے دی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت آئی ٹی، میری ٹائم، پوسٹل سروسز سمیت کئی وزارتوں کے قلم دان ابھی نہیں دیئے گئے۔
نگران وزیر اعظم

ای پیپر-دی نیشن