دہشت گرد گروپوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کریں : امریکی وزیر خارجہ‘ بلاامتیاز ایکشن لیا کوئی منظم نیٹ ورک نہیں : آرمی چیف
واشنگٹن + راولپنڈی (آن لائن+ اے این این + بی بی سی) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے پاکستان امریکہ تعلقات سمیت مختلف امور پر بات چیت کی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افغانستان میں سیاسی مفاہمت کی ضرورت اور جنوبی ایشیا میں بلاتفریق تمام دہشت گردوں اور عسکریت پسندوں کےخلاف کارروائی کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ بی بی سی کے مطابق امریکہ کے وزیر خارجہ نے ایک مرتبہ پھر پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ جنوبی ایشیا میں تمام دہشتگرد تنظیموں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔ امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ کے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماﺅں نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری کے طریقہ کار‘ افغانستان میں سیاسی اتفاق رائے کی اہمیت کے بارے میں بات چیت کی اور جنوبی ایشیا میں تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بلاتفریق کارروائی پر زور دیا۔ آرمی چیف نے امریکہ پر ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے حقانی نیٹ ورک سمیت تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن کیا ہے اور اب پاکستانی سر زمین پر دہشت گردوں کا کوئی منظم نیٹ ورک موجود نہیں ہے امریکہ جنوبی ایشیامیں پائیدار امن کے لئے زمینی حقائق کو مدنظر رکھے افغانستان میں امن واستحکام کے لئے امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں تاہم امریکہ اس بات کویقینی بنائے کہ افغان سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ٹیلیفونک گفتگو میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے دوٹوک اور واضح موقف اختیار کیا اور کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی احترام پر مبنی تعلقات چاہتا ہے،اس خطے میں قیام امن کے لئے پاکستان نے سب سے بڑھ کر قربانیاں دی ہیں اور کردار بھی ادا کیا ہے دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں پاکستان کی افواج اور دیگر سکیورٹی فورسز نے حقانی نیٹ ورک سمیت تمام گروپوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہے اور اس وقت پاکستانی سر زمین پر کوئی منظم نیٹ ورک موجود نہیں ہے اسے امریکی وزیر خارجہ نے بھی سراہا اور کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے تاکہ پورے جنوبی ایشیامیں قیام امن کو یقینی بنایا جائے انہوں نے افغان طالبان کے ساتھ مفاہمت کے عمل میں بھی پاکستان کے کردار پر زور دیا جس پر انھیں یقین دلایا گیا کہ اس حوالے سے پاکستان اپنا کردار اور تعاون کرنے کو تیار ہے کیونکہ پاکستان امریکہ کو افغانستان میں کامیاب دیکھنا چاہتا ہے ناکام نہیں، ٹیلی فونک رابطے میں دونوں ممالک کے درمیان دفاع سمیت تمام شعبوں میں تعاون کو مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ افغانستان کی موجودہ صورت حال اور بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن اور ورکنگ با¶نڈری پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے معاملات پر بھی بات ہوئی امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیامیں قیام امن کے لئے تمام انتہا پسند تنظیموں کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔ بی بی سی کے مطابق خیال کیا جا رہا ہے کہ امرکی وزیرخارجہ کا اشارہ افغانستان میںکارروائیاںکرنے والے طالبان گروہوں بشمول حقانی نیٹ ورک کی جانب ہے جنہیں امریکی دعوﺅں کے مطابق پاکستان کے قبائلی علاقوں میں پناہ دی جاتی ہے۔ بی بی سی کا کہنا ہے کہ اعلی سطح کی یہ بات چیت ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب گزشتہ ماہ ایک دوسرے کے سفارتکاروں پر سفری پابندیوںکے سبب امریکہ اور پاکستان کے تعلقات مزیدکشیدہ ہوگئے ہیں۔ علاوہ ازیںدنیا کے امیر ترین شخص اور مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کر کے کامیاب انسداد پولیو مہم چلانے پر مبارکباد پیش کی۔ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ بل گیٹس نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر پاکستان سے کامیابی کے ساتھ پولیو کے خاتمے میں آرمی کے کرادرکو سراہا۔ سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی پولیو کے خاتمے کے لیے بل گیٹس کی کوششوں کو سراہا۔ میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف نے بل گیٹس کو یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج پاکستان کے ہرممکن مفاد میں تعاون جاری رکھے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے تاجکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے چیئرمین کرنل جنرل سیمومین یاتیموف نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ پیشہ ورانہ امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل یاتیموف نے خطے میں امن واستحکام کیلئے پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔
آرمی چیف