مشرف 13 جون کو لاہور رجسٹری پیش ہوں‘ گرفتار نہیں کیا جائیگا : سپریم کورٹ‘ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مشروط اجازت
اسلام آباد (نمائند نوائے وقت) سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق صدر پرویز مشرف کی تاحیات نااہلی کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ پرویز مشرف لاہور رجسٹری میں پیش ہوجائیں انہیں گرفتار نہیں کیا جائےگا، ہم حکم دے دیں گے انہیں عدالت پہنچنے تک گرفتار نہ کیا جائے۔ جمعرات کے روز چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل پر مشتمل تین رکنی بنچ نے سابق صدر پرویز مشرف کی تاحیات نااہلی کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران پرویز مشرف کے وکیل ملک قمر افضل نے عدالت کو بتایا سپریم کورٹ نے ان کے موکل کے کاغذات نامزدگی مسترد کرکے تاحیات نااہلی کا حکم دیا تھا۔ چیف جسٹس نے پرویز مشرف کے وکیل سے کہا آپ کے کیس کو سنیں گے، اپنے موکل کو کہیں 13 جون کو لاہور آجائیں۔ جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا پرویز مشرف کو کہیں عدالت کے سامنے پیش ہوجائیں انہیں گرفتار نہیں کیا جائےگا، ہم حکم دے دیں گے انہیں عدالت پہنچنے تک گرفتار نہ کیا جائے۔ پرویز مشرف کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا میرے موکل کے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا معاملہ ہے۔ اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہم نے سادہ حکم دیا ہے پرویز مشرف لاہور تشریف لے آئیں۔ سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کو الیکشن 2018 میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی بھی اجازت دیتے ہوئے قرار دیا کہ پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی کا فیصلہ موجودہ کیس کے حتمی فیصلے سے مشروط ہوگا۔ چیف جسٹس نے سابق صدر کے وکیل سے کہا کہ پرویز مشرف پاکستان آجائیں تو کیس کی تفصیلاً سماعت کی جائے گی۔ واضح رہے سابق صدر پرویز مشرف کےخلاف سنگین غداری کیس بھی زیرسماعت ہے جس میں خصوصی عدالت نے ان کی انٹرپول کے ذریعے گرفتاری کا حکم دے رکھا ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا یہ سید پرویز مشرف کون ہیں جس پروکیل نے بتایا یہ سابق آرمی چیف اور ملک کے صدر رہے ہیں۔واضح رہے سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کی تاحیات نااہلی کا فیصلہ کالعدم یا معطل قرار نہیں دیا، پرویز مشرف کو پاکستان آکر خود کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دی، پرویز مشرف کو پشاور ہائی کورٹ کے اس وقت کے چیف جسٹس دوست محمد خان نے تاحیات ناہل قرار دیا تھا جبکہ سندھ ہائی کورٹ کے اس وقت کے چیف جسٹس مقبول باقر نے بھی پرویز مشرف کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا جن کی اپیلیں سپریم کورٹ میں کی گئی تھیں۔نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے سابق صدر پرویز مشرف کا شناختی کارڈ بلاک کردیا۔ ذرائع کے مطابق پرویز مشرف کا شناختی کارڈ بلاک ہونے سے ان کا پاسپورٹ بلاک اور ان کے اکاﺅنٹس بھی منجمد ہوگئے ہیں۔ اس اقدام سے سابق صدر پرویز مشرف پاکستان میں موجود 10 سے زائد جائیدادوں کی خرید و فروخت سے محروم ہوگئے ہیں، جنرل (ر) مشرف کے کراچی میں چار پلاٹس ہیں جبکہ اسلام آباد میں بھی ایک فارم ہاﺅس سمیت ان کی تین جائیدادیں ہیں۔
مشرف نااہلی کیس