• news

پارلیمنٹ کہاں کھڑی ہے‘ ریاست کے باقی تین ستون کدھر ہیں : نوازشریف‘ سپریم کورٹ کے کاغذات نامزدگی سے متعلق فیصلے پر ردعمل

اسلام آباد (نامہ نگار) سابق وزیراعظم نے سپریم کورٹ کی جانب سے کاغذات نامزدگی فارم سے متعلق فیصلے پر کہا کہ پارلیمنٹ کہاں کھڑی ہے، آج ریاست کے باقی تین ستون کہاں ہیں۔ جمعرات کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نے پیشی کے موقع پر کمرہ عدالت میں میڈیا اور اپنے حامی وکلا سے غیر رسمی گفتگو کی۔ نواز شریف نے کہا کہ آج پارلیمنٹ کہاں کھڑی ہے، آج ریاست کے باقی تین ستون کہاں ہیں؟ اس موقع پر کمرہ عدالت میں ایک صحافی نے نواز شریف سے سوال کیا کہ نیب نے ایل این جی انکوائری کا حکم دیا، اس پر آپ کیا کہیں گے؟، صحافی کے اس سوال پر سابق وزیر اعظم نواز شریف خاموش رہے تاہم ان کی جگہ پرویز رشید نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب یہاں سی این جی لائنیں نہیں لگتیں، اختیارات کا غلط استعمال ہوا، کام کرنا جرم بن گیا۔راولپنڈی سے این این آئی کے مطابق نوازشریف نے تنویر احمد شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام اور پاکستان کیلئے مجھے اپنی جان کی بھی پروا نہیں ہے، مجھے پانامہ کی بجائے اقامہ پر نااہل قرار دیکر اور پارٹی صدارت سے ہٹا کرقبل از انتخابات دھاندلی کا آغاز کیا گیا، مجھ پر کرپشن کی ایک پائی بھی ثابت نہیں کی جا سکی، عوام لمحہ بہ لمحہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، 20 کروڑ عوام کی نظریں ملکی ترقی میں روڑے اٹکانے والوں پر فوکس ہیں، آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ سب سے زیادہ ووٹ لیکر کامیابی حاصل کرے گی۔ ہمارے بچوں کی دیواروں پر ٹنگے ہوئے کپڑوں اور ان کے گھومنے پھرنے پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔ ہمارے پانچ سالہ دور حکومت میں رکاوٹیں نہ ڈالی جاتیں،دھرنے نہ ہوتے تو آج ملک میں کوئی نوجوان بے روز گار نہ پھرتا۔

نواز شریف

ای پیپر-دی نیشن