مسلم لیگی پارلیمانی بورڈ نے راولپنڈی کے امیدواروں کو کل لاہور بلوالیا
اسلام آباد( محمد نوازرضا‘ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے مرکزی پارلیمانی بورڈ نے ہفتہ کو راولپنڈی سے مسلم لیگی امیدواروں کو لاہور بلوا لیا ہے تاہم پارلیمانی بورڈ نے خواتین کی خصوصی نشستوں پر امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کرلئے۔ اقلیتوں کی نشستوں پر 80 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے کاغذات نامزدگی داخل کرانے میں 3دن کی توسیع کے بعد مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ نے بھی اپنی کام مکمل کرنے کی ’’ڈیڈ لائن‘‘ بڑھا دی ہے۔ جمعہ کومرکزی پارلیمانی بورڈ کام نہیں کرے گا۔ راولپنڈی کے امیدواروں کے انٹرویو نہ ہونے کے باوجود جمعرات کو پارٹی ٹکٹ جاری ہونے کی افواہیں گردش کرتی رہیں اسی طرح چوہدری نثار علی خان کے حلقوں کے بارے میں پارٹی ٹکٹ جاری ہونے کی قیاس آرائیاں عروج پر رہیں۔