• news

شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس، 8 معاہدوں، درجن سے زائد ایم اویوز پر کل دستخط ہوںگے

اسلام آباد(سہیل عبدالناصر)کل ہفتہ کے روز شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں آٹھ معاہدوں اور ایک درجن سے زائد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق آٹھ میں سے دو معاہدے پاکستان کیلئے کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔ ایک معاہدے میں منشیات کی روک تھام کا طریقہ کار طے کیا جائے گا جب کہ دوسرے معاہدے کے ذریعہ خطہ کے نوجوانوں سے اپیل کی جائے گی کہ وہ انتہا پسندی اور دہشت گردی جیسی لعنتوں سے دور رہیں۔ واضح رہے کہ صدر مملکت ممنون حسین اس سربراہ کانفرنس میںپاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق اس سربراہ اجلاس میں پاکستان، تمام معاہدوں اور مفاہمت کی یاداشتوں کی تیاری اور منظوری میں بھرپور حصہ لے گا تاہم پاکستان نے انسداد منشیات اور انسداد دہشت گردی میں اہم کامیابیاں حاصل کر رکھی ہیں جس کی بدولت ان دونوں معاہدوں کی تیاری میں بھی پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے اور ان پر عملدرآمد میں بھی پاکستان قائدانہ کرادار ادا کرے گا۔ انسداد منشیات کے ضمن میں پاکستان نے فاٹا سمیت اپنے تمام علاقون میں پوست کی کاشت کا کامیابی سے قلع قمع کیا اور گزشتہ تین دہائیوں سے اس کامیابی کو مزید مستحکم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فاٹا میں ہیروئن سمیت منشیات کی تیاری کی فیکٹریوں کو تباہ کیا گیا اور پاکستان سے کے روٹ سے مغربی دنیا اور خلیجی ریاستوں کو منشیات کی فراہمی کی مؤثر روک تھام کی۔ البتہ افغانستان میں شورش کی وجہ سے پوست کی بھرپور کاشت اور ہیروئن سمیت منیشات کی تیاری اور سمگلنگ کا خطرہ پوری شدت سے موجود ہے جس کی روک تھام کیلئے ہفتہ کے روز انسداد منشیات کا نیا معاہدہ کیا جائے گا۔ اجلاس چین کے صوبہ شین ڈونگ میں منعقد ہو رہا ہے۔ صدر اس اجلاس میں شرکت کیلئے لئے آج جمعہ کو چین جائیں گے۔ کانفرنس کی سائیڈ لائن پر صدر مملکت کی چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات طے ہے جب کہ قوی امکان ہے کہ روس اور پاکستان کے صدور کے درمیان بھی الگ سے ملاقات ہو گی۔صدر مملکت ممنون اجلاس سے کلیدی خطاب کریں گے۔ صدر مملکت اپنے خطاب میں علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر پاکستان کا موقف بیان کریں گے اور شرکا کو شنگھائی تعاون تنظیم میں مستقبل میں پاکستان کے کردار سے آگاہ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن