• news

عالم اسلام معاشی‘ سماجی حملوں اور فکری دہشتگردی کا بھی شکار ہے: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ اعتدال، رواداری مسلم سکول آف تھاٹ کا طرۂ امتیاز ہے۔ ان اعلیٰ انسانی اسلامی اقدار کو نظر انداز کرنے سے کردار و عمل کے اعتبار سے مثالی معاشرہ کی تشکیل ناممکن ہے۔امت مسلمہ کو تفرقہ بازی سے بچانا، متحد رکھنا، علمائے حق کی دینی، قومی و ملی اولین ذمہ داری ہے۔ عالم اسلام سیاسی، معاشی، سماجی، ثقافتی حملوں کے ساتھ فکری اور نظریاتی دہشتگردی کا بھی شکار ہے۔قرآن و سنت کی حقیقی تعلیمات کا حصول اور مطالعہ صراط مستقیم کی ضمانت ہے۔عدم برداشت اورانتہا پسندی، امن، یکجہتی، اتحاد امت کے راہ کی بڑی رکاوٹ ہے ۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ منہاج القرآن کا شہر اعتکاف علمی آبیاری، روحانی تربیت اور قلبی سکون کا مرکز ہے۔ معتکفین 10 یوم تک ہر قسم کے دنیاوی جھنجھٹ سے آزاد رہ کر اللہ سے لو لگاتے ہیں اور دلوں میں عشق مصطفیﷺ کے دیے جلاتے ہیں۔شہر اعتکاف میں نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت باعث اطمینان ہے۔ نوجوانوں کو مصطفوی مشن پر کار بند کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا ہدف ہے۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہا کہ دیانتداری اسلام کا انسانی بہبود اور خدمت خلق کا تصور اسے ایک عالمگیر ضابطہ حیات بناتا ہے۔ منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں ہزاروں مرد و خواتین شریک ہیں۔ خواتین کیلئے شہر اعتکاف سے ملحقہ الگ عمارت میں انتظامات کیے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن