زرداری‘ کاظمی کو میرے خلاف الیکشن لڑنے پر آمادہ کرنے آئے تھے: شاہ محمود
ملتان (نامہ نگار خصوصی‘ نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آصف زرداری گزشتہ روز ملتان سے مایوس لوٹے ہیں وہ سید حامد سعید کاظمی کو میرے خلاف الیکشن لڑنے پر آمادہ کرنے آئے تھے، حامد سعید کاظمی نے میرے خلاف الیکشن لڑنے سے انکار کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ اپنے والد کی 21 ویں برسی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آصف زرداری نے حامد سعید کاظمی سے کہا ہے کہ وہ میرے (شاہ محمود قریشی کے) مقابلے میں الیکشن لڑیں پیپلزپارٹی ٹکٹ بھی دے گی اور ہر قسم کی مالی سپورٹ بھی کرے گی لیکن سید حامد سعید کاظمی نے ہمارے خاندان کے ساتھ 60 سالہ تعلقات کو اہمیت دی اور میرے خلاف الیکشن لڑنے سے انکار کر دیا جس سے آصف زرداری کو مایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حامد سعید کاظمی نے اپنے پرانے حلقے لیاقت پور سے الیکشن لڑنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، میں عمران خان سے اس بارے میں بات کرونگا کہ الیکشن میں ان کو سپورٹ کر سکیں۔ پیپلزپارٹی ضلع ملتان کے سیکرٹری اطلاعات ترجمان پیپلزپارٹی چودھری محمد یاسین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج سابقہ صدر پاکستان آصف علی زرداری ملتان تشریف لائے ائرپورٹ سے سیدھے سید حامد سعید کاظمی کے گھر گئے اور ان کی خیریت دریافت کی اور ملک کے موجودہ حالات پر بات چیت کی اس موقع پر پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود بھی موجود تھے سابقہ صدر آصف علی زرداری نے کسی قومی یا صوبائی حلقہ پر کوئی بات نہیں ہوئی شاہ محمود قریشی نے سابقہ صدر کے بارے میں جو بات کی ہے سراسر جھوٹ اور بے بنیاد ے سید حامد سعید کاظمی سے کوئی بات نہ ہوئی ہے شاہ محمود قریشی کے دیئے گئے بیان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔