نیازی نے لوٹوں کو ٹکٹ دیئے‘ زرداری سے کوئی لینے کو تیار نہیں‘ عوام الیکشن میں انکی سیاست دفن کر دینگے : شہبازشریف
لاہور (خبرنگار) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام ووٹ کی طاقت سے اگلے انتخابات میں نیازی زرداری سیاست کو دفن کر دیں گے۔ نیازی نے لوٹوں کا ٹکٹ دے کر اپنا نیا پاکستان دکھا دیا ہے اور زرداری سے کوئی ٹکٹ لینے کو تیار نہیں۔ مجھے تحریک انصاف کے ان سیاسی کارکنوں سے دلی ہمدردی ہے جنہیں نئے پاکستان کے نام پر دھوکہ دیا گیا ہے۔ نیازی کی ٹکٹوں کی تقسیم سے ہی صاف ظاہر ہو گیا ہے انہیں اپنی ہار صاف نظر آرہی ہے۔ دوسری طرف زرداری کے اپنے کارکنوں نے اس سے ٹکٹ لینے سے انکار کر دیا ہے۔ وہ ٹکٹیں لیکر گھوم رہا ہے اور کوئی لینے کو تیار نہیں۔عوام ہر حلقہ میں شیر پر مہر لگا کر سیاسی لوٹوں کی سیاست کو دفن کر دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) ایک نظریاتی جماعت ہے۔ نیازی کے پاس کوئی نظریہ نہیں۔ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔عوام ہماری کارکردگی کو سامنے رکھ کر ہی ووٹ دیں گے۔ نیازی زرداری جہاں بھی جائیں گے ہمارے کام ان کا پیچھا کریں گے۔ دونوں کو اپنی ہار نظر آرہی ہے۔ وہ ذہنی طور پر انتخاب ہار چکے ہیں۔ ہم خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔ انتخابات پاکستان کی تاریخ کے سب سے اہم انتخابات ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے گذشتہ پانچ سال میں خدمت کر کے ترقی کی جو بنیاد رکھی اس کو مستحکم کرنے کے لئے اگلے پانچ سال ناگزیر ہیں۔ آئندہ پانچ سال میں ترقی کی بنیادیں مستحکم ہو جائیں گی اور پاکستان ایک نئے دور میں داخل ہو جائے۔ ہم نے پاکستان کو اندھیروں سے نکال دیا لیکن اب خوشحالی کی طرف لیکر جانا ہے۔ تمام سروے مسلم لیگ (ن) کی جیت کی نوید سنا رہے ہیں، عوام کی محبت ہی مسلم لیگ (ن) کا اثاثہ ہے۔
شہبازشریف