• news

نوازشریف نے نام ای سی ایل سے نکلوایا باہر جانے کی اجازت دی: پرویز مشرف

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ (ن) لیگ حکومت نے مجھے بیرون ملک جانے کی اجازت دی، میرا نام تو ای سی ایل پر تھا۔ باہر بھجوانا وزارت داخلہ کا کام ہے اور اسکے پیچھے اس وقت کے وزیر اعظم محمد نوازشریف تھے، مجھے باہر بھجوانے کیلئے نوازشریف ہی وزارت داخلہ کو ہدایت دے رہے تھے۔ انہوں نے مجھے باہر جانے کی اجازت دی اور پھر عدالت نہ بھی کہہ دیا تھا ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میرا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ضبط کرنا غیر قانونی ہے اور غیر آئینی ہے میں اس اقدام کو چیلنج کروں گا میں پاکستانی ہوں یہ میرا حق ہے سپریم کورٹ نے الیکشن لڑنے کی مشروط اجازت دی ہے نواز شریف مجھ سے خوفزدہ ہے اس کے میں اعصاب پر سوار ہوں۔ پرویز مشرف نے کہا کہ مجھے شرم آتی ہے کہ کرنل ایسی باتیں کر رہا ہے اور میرے خلاف کیس کر رہا ہے۔ یہ کرنل (ر) انعام رحیم بالکل جھوٹ بول رہا ہے وہ بے شک کیس کرے میں مقابلہ کروں گا قوم کو یہ بات سمجھنی چاہئے کہ جب میں 2009ء میں ملک سے باہر آیا تو میرا ایک پیسے کا بھی اکائونٹ نہیں تھا اور دنیا میں کہیں بھی ایک اینٹ برابر بھی جائیداد نہ تھی میں زیرو لیول پر باہر آیا ہوں، میرے پاس کچھ بھی نہیں تھا، میں کنگال ہوگیا ہوں، میں چھ ماہ اپنے دوست کے گھر رہا ۔ عمران خان کم سمجھ انسان ہیں، یہ صرف ایک کرکٹر ہے اسکو کسی بات کا کچھ پتہ نہیں، میں نے اپنے دور میں حکومت میں جو فیصلہ لیا ملکی مفاد میں لیا۔ عمران خان نائن الیون کے بعد کے فیصلے کو 2018ء سے موازنہ کر رہے ہیں، فیصلہ حالات کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے۔ اگر پاکستان امریکہ کا ساتھ نہ دیتا تو بھارت ساتھ دینے کیلئے تیار تھا۔ عمران خان کی ذاتی زندگی کے بارے میں بہت کچھ جانتا ہوں مگر سمجھتا ہوں کہ یہ اسکی پرسنل زندگی ہے اس بارے میں کچھ کہنا نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی بہت اہمیت ہے مگر اس پر سیاست کی جا رہی ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن