• news

پاکستان، افغانستان اعلیٰ سطح رابطوں کا نیا دور اگلے ہفتے ہوگا

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان اور افغانستان کے مابین حالیہ مہینوں میں کئی ایک اعلیٰ سطحی رابطے ہوئے جنہیں دوطرفہ تعلقات میں بہتری کے ساتھ افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کے لیے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، آئندہ ہفتے ایک اعلیٰ سطحی افغان وفد اسلام آباد کا دورہ کرے گا جبکہ پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا دورہ کابل بھی متوقع ہے۔ باضابطہ طور پر اس بارے میں ابھی کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔ تاہم اسلام آباد اور کابل کے درمیان یہ رابطے ایک ایسے وقت ہو رہے ہیں جب افغان حکومت کی طرف سے عید الفطر کے موقع پر عارضی جنگ بندی کے اعلان کے بعد افغان طالبان نے عید پر تین روز کے لیے افغان سکیورٹی فورسز کے خلاف اپنی عسکری کارروائیاں روکنے کا اعلان کیا ہے۔بعض مبصرین کا خیال ہے کہ افغانستان میں اس عارضی جنگ بندی کے لئے امریکہ اور پاکستان نے مل کر اپنا کردار ادا کیا ہے اور امریکہ کے محکمہ خارجہ کی ایک بریفنگ کے دوران پاکستان کے کردار کے بارے میں پوچھنے پر محکمہ خارجہ کے اعلیٰ عہدیدار نے اسکا براہ راست جواب دینے کی بجائے کہا "یہ افغان حکومت کا اقدام ہے جو افغان عوام کی خواہش کی ترجمانی کر رہا ہے اور یقیناً ہمیں امید ہے طالبان اور دیگر تنظیمیں یا ایسے ممالک بھی محدود دورانیے کی جنگ بندی کی برابر حمایت کریں گے جن کا طالبان پر کسی قدر اثر و رسوخ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن