بجلی کی طویل بندش کیخلاف کل ملک گیر احتجاج کیا جائے : عمران خان
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے + آن لائن) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ کے خلاف ملک بھر میں کل منگل کو احتجاج کا اعلان کردیا۔ چیئرمین نے یہ احتجاج یونین کونسل کی سطح پر کرنے کی ہدایت کردی، مرکزی اور صوبائی قائدین قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کے ذریعے نچلی ترین سطح پر بھرپور احتجاج کریں، عوام کو بجلی جیسی بنیادی سہولت کی عدم فراہمی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی حکومت نے جھوٹ بولنے اور عوام کو گمراہ کرنے میں پانچ برس لگائے۔ نواز شریف نے بجلی کے بحران کے خاتمے کیلئے ڈھنگ کا ایک قدم نہیں اٹھایا۔ نگران وزیر اعظم گردشی قرضوں اور بجلی کی حقیقی صورتحال بھی قوم کے سامنے رکھیں، قوم کو علم ہونا چاہئے کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے دعووں کی حقیقت کیا ہے اور کون اس بحران کا ذمہ دار ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ بجلی میں خود کفالت کیلئے پن بجلی سمیت دیگر سستے اور دیرپا پیداواری وسائل پر منتقلی کی منصوبہ بندی ضروری ہے نگراں حکومت عوام کو بجلی کی زیادہ سے زیادہ فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ مزید براں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے نیب پراسیکیوٹر کا آج کا بیان کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پر نواز شریف کی 1993ء سے ملکیت ثابت کرنے کیلئے کافی شواہد موجود ہیں ظاہر کرتا ہے کیسے کمزور کیلئے قانون کا معیار ایک ہے اور طاقتور کیلئے دوسرا ہے عوام اور خواص کیلئے الگ الگ قانون ہمارا بڑا المیہ ہے اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا ن لیگی وزراء اور اہل صحافت ان فلیٹس کی حقیقت سے تین برس قبل اس وقت بھی آگاہ تھے جب پانامہ لیکس آئیں اس کے باوجود سیاسی اجلاسوں اور انٹرویوز کا سلسلہ جاری رہا اور یہ سب چپ چاپ وزیر اعظم نواز شریف کو منی لانڈرنگ، جعلسازی اور فراڈ کرتے اور اپنے بچوں سے جھوٹ کہلواتے رہے۔ آن لائن کے مطابق عمران خان نے کہا نواز شریف کو سزا نہ ہونا کمزور نظام اور اخلاقی دیوالیہ پن کی انتہا ہے۔ سپریم کورٹ، نیب اور جے آئی ٹی کی تحقیقات پر قوم کا پیسہ خرچ ہوا، تحقیقات کے باوجود نواز شریف کو سزا ہونا ابھی باقی ہے۔
عمران خان