پیر پگاڑا کو فون‘ انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کیلئے یکساں مواقع فراہم کرینگے : حسن عسکری
لاہور + کراچی (خصوصی رپورٹر+ سٹاف رپورٹر) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری رضوی نے کہا ہے کہ نگران حکومت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی قومی ذمہ داری نبھانے کےلئے یکسو ہے اور عام انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کے لئے یکساں مواقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا صوبہ بھر میں انتظامیہ غیر جانبداری سے اپنے فرائض سر انجام دے گی اور الیکشن کمشن کے فریم ورک میں رہ کر اپنا کام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ شفاف اور منصفانہ انتخابات کے لئے امن و امان برقرار رکھنا لازمی ہے۔ شفاف اور منصفانہ الیکشن سے جمہوریت اور قومی ادارے مضبوط ہوں گے۔ نگران حکومت مقررہ مدت اور محدود مینڈیٹ کےلئے اپنے فرائض سرانجام دے گی۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کے دوران سیاسی جماعتوں کے درمیان توازن برقرار رکھا جائے گا اور سب کو ”لیول پلیئنگ فیلڈ“ فراہم کرنے کی ذمہ داری پوری کریں گے۔ نگران وزیراعلی پنجاب حسن عسکری رضوی کی پنجاب ہاﺅس اسلام آباد میں آمد پر پنجاب ہاﺅس کے عملے نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ حسن عسکری رضوی نے اس موقع پر تمام سٹاف ممبران سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور پرجوش استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ کراچی سٹاف رپورٹر کے مطابق پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ حسن عسکری نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے سربراہ پیر صاحب پگارا سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے سمیت دیگرباہمی دلچسپی کے امور پربات چیت کی۔ نگران وزیر اعلیٰ نے پیر پگارا کو یقین دہانی کرائی صوبہ پنجاب میں شفاف انتخابات نگراں حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ حسن عسکری کا کہنا تھا کہ کسی بھی قسم کی جائز شکایت کے ازالہ کے لئے مجھ سے رابطہ کیا جاسکتا ہے میرے دروازے تمام پارٹیوں کے کھلے ہیں، پروفیسر ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ عام انتخابات کے شفاف انعقاد کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاﺅں گا اور پوری کوشش ہے شفاف انتخابات کے لیے اپنی ذمہ داریوں پر پورا اتروں۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب