باغبانپورہ پولیس کی زیرحراست ملزم پراسرار طور پر چوتھی منزل سے گر کر شدید زخمی
لاہور (نامہ نگار) باغبانپورہ انویسٹی گیشن پولیس کی حراست میں 20سالہ نوجوان پراسرار طور پر چوتھی منزل سے نیچے گر کر شدید زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق باغبانپورہ انویسٹی گیشن پولیس نے جی ٹی روڈ پر چار منزلہ کرائے کے پلازہ میں تفتیشی سنٹر بنا رکھا ہے۔ گزشتہ روز بلڈنگ کی چوتھی منزل سے 20سالہ نوجوان شہزاد ولد رشید پراسرار طور پر چوتھی منزل سے نیچے گر کر شدید زخمی ہوگیا ہے۔ ریسکیو نے طبی امداد کے لئے سروسز ہسپتال داخل کرا دیا۔ جہاں حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم شہزاد کو ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا اور اسے چوتھی منزل پر تفتیش کے لئے رکھا گیا تھا، اس سے تفتیش جاری تھی۔ اس نے خودکشی کو کوشش میں چوتھی منزل سے نیچے چھلانگ لگا دی اور شدید زخمی ہو گیا ہے۔