• news

پیپلزپارٹی کی تنظیم نو، سندھ زون میں عہدے فروخت ہونیکا انکشاف

مظفرآباد(اے این این )پیپلزپارٹی کی تنظیم نو، سندھ زون میں عہدے فروخت ہونیکا انکشاف، پیپلزپارٹی کے نظریاتی کارکنان نے بلاول بھٹو زرداری کو تفصیلات سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، بلاول بھٹو زرداری نے بھی نوٹس نہ لیا تو پھر پیپلزپارٹی کو خیرآباد کہنے کا حتمی فیصلہ، آزادکشمیر کے 41 حلقوں سے دوست و احباب کو ساتھ ملالیا، تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی آزادکشمیر سندھ زون کی تنظیم سازی ہونے کے بعد پیپلزپارٹی کے نظریاتی کارکنان سراپا احتجاج بن گئے ہیں، پیپلزپارٹی سندھ زون وکراچی ڈویثرن کے نظریاتی اور سینئر کارکنان نے انکشاف کیا ہے کہ سردار فیصل اور اقبال کشمیری نے دو دو کروڑ روپے میں سندھ زون کی صدارت اور جنرل سیکرٹری جنرل شپ خریدی ہے، کراچی ڈویژن میں بھی ایسے شخص کو صدارت کے منصب پر بٹھا دیا گیا جس نے پیپلزپارٹی کیخلاف الیکشن لڑا اور جماعت کو نقصان پہنچایا، اس طرح کی پیپلزپارٹی کیساتھ ہمارا چلنا مشکل ہے، پیپلزپارٹی آزادکشمیر سندھ زون،کراچی ڈویثرن کے سینئر ونظریاتی کارکنان نے فیصلہ کیا ہے کہ جلد چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو مل کر صورتحال سے آگاہ کرینگے، اگر انہوں نے دادرسی کردی اور جماعت کو تباہ ہونے سے بچا لیا تو ٹھیک، ورنہ ہم آزادکشمیر کے 41 انتخابی حلقوں سے اپنے دوستوں، تعلق داروں کولیکر پیپلزپارٹی کو خیرآباد کہہ دینگے اور پارٹی کو پہنچنے والے نقصان کی ذمہ داری پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی موجودہ قیادت کی ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن