5 سال گزر گئے‘ پنجاب میں تعلیمی اداروں کے سربراہان کی 3580 آسامیاں تاحال خالی
لاہور(اے پی پی )محکمہ تعلیم سکولز کی ناقص کارکردگی ،پانچ سال گزر گئے ، لاہور سمیت پنجاب بھر کے سرکاری سکولوںمیں ڈپٹی ہیڈ ماسٹر،ہیڈ ماسٹر،سینئر ہیڈ ماسٹر اور پرنسپلز کی3580خالی آسامیوں پر تعیناتیاں نہ ہوسکیں،تعلیمی سربراہان کی تقرریاں نہ ہونے سے انتظامی و مالی امور شدید متاثر ، شرح خواندگی کے مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہو سکے،پڑھا لکھا پنجاب کا خواب بھی ادھورا رہ گیا۔تفصیلات کے مطابق اس وقت پنجاب بھر میں ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں کے سربراہان کی منظور شدہ آسامیوں کی کل تعداد 7942 ہے۔ جن میں 3580 آسامیاں تاحال خالی ہیں،گریڈ17میں ڈپٹی ہیڈ ماسٹر کی منظور شدہ آسامیاں 172 جبکہ 80 آسامیاں خالی ہیں‘ گریڈ 18 میں ہیڈ ماسٹر کی منظور شدہ آسامیاں 4203 جبکہ 2659 آسامیاں خالی ہیں۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ملنے والے اعداد و شمار کے مطابق صوبائی دارلحکومت لاہور ،قصور،شیخوپورہ،گوجرانوالہ،ملتان،راولپنڈی،ڈی جی خان،فیصل آبادسمیت صوبہ کے 36اضلاع میں گریڈ 17 میں ڈپٹی ہیڈ ماسٹر ،گریڈ 18 میں ہیڈ ماسٹر‘ گریڈ 19 میں سینئر ہیڈ ماسٹر اور گریڈ 20 میں پرنسپل کی تعیناتیاں بروقت نہ ہونے سے سرکاری سکولوں میں انتظامی و مالی امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے بتایا کہ گریڈ20کی تعیناتیاں چیف سیکرٹری کی سربراہی میں سلیکشن بورڈ کرتا ہے،سمری چیف سیکرٹری کو بھجوا دی ہے،تمام خالی آسامیوں پر تعیناتیوں کا عمل جلدمکمل کرلیا جائیگا۔