• news

تمام فنڈ زلاہور پر لگ گئے، جنوبی پنجاب کے عوام بیماریوں سے مر رہے ہیں: خسرو بختیار

رحیم یار خان (پ ر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما خسرو بختیار نے کہا ہے کہ پانچ سال تک جھوٹ بولنے والوں کا انجام اب قریب ہے۔ قوم کو نئے وعدوں سے دھوکہ نہیں دیا جا سکتا۔ عوام اب ان کی حقیقت جان چکے ہیں۔ اقتدار میں آکر پینے کے صاف پانی کے منصوبے شروع کرینگے تا کہ لوگوں کو گندا پانی پینے سے لگنے والی بیماریوں سے بچایا جا سکے۔ شہباز شریف بڑے آبی منصوبے تو دور کی بات عوام کو پینے کیلئے صاف پانی تک مہیا نہ کر سکے۔ تمام ترقیاتی فنڈز صرف لاہور کی سڑکوں میٹرو اور اورنج ٹرین پر لگا دیئے گئے۔ جنوبی پنجاب کے عوام صاف پانی کی عدم دستیابی اور علاج معالجے کی بنیادی سہولتوں کے فقدان کے باعث وبائی امراض کا شکار اور گیسٹرو سے مر رہے ہیں۔ خسرو بختیار نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کر ے گی۔ جنوبی پنجاب میں صحت پر زیادہ رقم خرچ کرے گی۔ ہم تھانہ کچہری کی سیاست اور پٹوار کلچر کو ختم کرینگے تاکہ عوام کو محکمہ جاتی کرپشن سے نجات ملے اور انہیں فوری انصاف مل سکے۔ ن لیگ نے کبھی جنوبی پنجاب کے مسائل پر توجہ نہیں دی۔ ہم ہر صورت جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنوائیں گے تا کہ یہاں ترقی اور خوشحالی آئے۔

ای پیپر-دی نیشن