• news

سعودی عرب میں جاں بحق 135 پاکستانیوں سمیت 410 افر اد کی نعشیں ان کے وطن روانہ

جدہ، اسلام آباد (صباح نیوز)سعودی عرب میں انتقال کر جانے والے410افراد کی لاشیں ان کے وطن روانہ کر دی گئیں ،ان میں135 لاشیں پاکستانیوں کی بھی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب میں انتقال کرنے والوں کی نعشیں ان کے اپنے وطن روانگی میں تاخیر کی شکایات تو عام ہیں لیکن سعودی عرب موت کے طبعی ہونے کے یقین اور قانونی تقاضے پورے کئے بغیر یہ نعشیں روانہ نہیں کرتا۔یہ 410نعشیں گزشتہ سال یکم محرم 1438ھ سے ذو الحجہ1438ھ کے دوران انتقال کر جانے والوں کی ہیں ،لیکن ان میں بعض ایسی افراد کی نعشیں بھی شامل ہیں جن کے انتقال کو دو سال سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے۔سعودی عرب کے علاقے عسیر میں واقع سرد خانوں میں موجود 410متوفین کی نعشیں ان کے ملکوں کو روانگی کے موقع پر عسیر میںپوسٹ مارٹم کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر عبد العزیز آل حبشان نے کہا کہ ان نعشوں میں سر فہرست پاکستانیوں کی نعشیں ہیں جن کی تعداد135ہے جبکہ دوسرے نمبر پر بنگلہ دیشیوں کی تعداد71ہے جبکہ 58بھارتی ، 46 مصری، 34 ایتھوپیا کے، 27 فلپائنی ، 16 نیپالی، 10 افغانی، 4 انڈونیشی، 3ترکش،2سری لنکن، 2 ارٹیریا، ایک امریکی اور ایک نائیجریاکے باشندے کی نعش بھی شامل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن