• news

ملکوال : بچوں کی قابل اعتراض ویڈیو بنانیوالے گروہ کا انکشاف، ایک ملزم گرفتار

ملکوال، ساہیوال، کمالیہ، کامونکے (نامہ نگار) نو عمر لڑکوں کی قابل اعتراض ویڈیو بنانے والے گروہ کا انکشاف، معاملہ میڈیا پر آنے کے بعد پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں۔ عمران نے بتایا کہ میرے بھانجے سیف الرحمن نے مجھے موبائل میں موجود قابل اعتراض ویڈیو دکھائی جس میں (جھولے لال گروپ ) کے نام سے بنائے ہوئے گروپ کے شاویز، مظہر، حسنین، زین، ارسلان وغیرہ ملزمان نے میرے بھانجے کیساتھ زیادتی کی کوشش کی قابل اعتراض ویڈیو جبکہ سیف الرحمن ملزموں کے خوف کی وجہ سے خاموش رہا ۔ ذرائع کے مطابق گروپ میں شامل ملزمان مبینہ طور پر غیر اخلاقی اور غیر قانونی جرائم میں ملوث ہیں۔ معاملہ میڈیا پر آنے کے بعد ڈی پی او فیصل مختار نے سی آئی اے پولیس کو ملزمان کی گرفتاری کیلئے ہدایت دی جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا اور جبکہ دیگر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں دیگر واقعات میں دو لڑکوں اور ایک خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ کامونکے میں چونگی نمبر 1 کے شہزاد کا سات سالہ بیٹا حسن گلی میں کھیل رہا تھا کہ ہمسایہ جنید بہلا پھسلا کر اپنے گھر لے گیا اور زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ ساہیوال میں 15 سالہ عارف کو ملزم ملازم حسین جبکہ کمالیہ میں (ف) کو ملزم فلک شیر نے اغوا کے بعد ہوس کا نشانہ بنایا۔

ای پیپر-دی نیشن