• news

اتر پردیش میں طوفانی بارش‘ آسمانی بجلی گرنے سے مزید26 افراد ہلاک

نئی دہلی(صباح نیوز)بھارتی ریاست اترپردیش میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے مزید26 افراد ہلاک ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ تین ماہ سے بھارتی ریاست اترپردیش میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ اپریل سے شروع ہونے والے بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے تاحال جاری ہے ایک ہفتے کے بعد دوبارہ شروع ہونے والی بارش نے معمولات زندگی کو معطل کئے رکھا اور آسمانی بجلی کے گرنے اور طوفان باد و باراں کے تازہ واقعات میں 26 افراد ہلاک ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں میدانی اور پہاڑی علاقے میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں ہوئی ہیں۔ ہلاک ہونے والے افراد یا تو کھیتوں میں کام کر رہے تھے یا میدانوں میں مویشی لے کر جا رہے تھے۔ کھلی جگہ بارش میں نہانے والے افراد بھی آسمانی بجلی کا شکار ہوئے۔ بارشوں کے باعث کچے مکانات کی دیواریں اور چھتیں گرنے سے بھی ہلاکتیں ہوئیں۔واضح رہے کہ موسمی تغیر کے باعث بھارت میں گزشتہ تین ماہ کے دوران آسمانی بجلی گرنے اور طوفان باد و باراں کے واقعات میں سو سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ 15 سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن