• news

کارپٹ کی عالمی نمائش سے قومی مصنوعات کو روشناس کرانے کا موقع ملے گا: ریاض احمد

لاہور (نیوزرپورٹر) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے قائم مقام چیئرمین ریاض احمد نے کہا ہے کہ رواں سال اکتوبر میں ہونے والی کارپٹ کی عالمی نمائش دنیا میں پاکستانی مصنوعات کو روشناس کرانے اور ملک کا سوفٹ امیج اجاگر کرنے میں سنگ میل ثابت ہو گی ، زیادہ سے زیادہ غیر ملکی خریداروں اور مندوبین کو پاکستان لانے کیلئے بھرپور جدوجہد جاری ہے جس کیلئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان اخراجات کی مد میں فنڈز میں اضافہ کر کے اس کے اجراء کو بھی یقینی بنائے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے کارپٹ کی صنعت سے وابستہ نمائندوں سے 36ویں عالمی نمائش کے سلسلہ میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ریا ض احمد نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ کارپٹ ایسوسی ایشن کی نمائشوں کے ذریعے غیر ملکی خریداروںکاپاکستان پر اعتماد بحال ہوا ہے اورہر سال اس تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔میجر (ر) اختر نذیر کی سربراہی میں ایک وفد چین کے خریدارو ں کو نمائش میں شرکت کی دعوت دینے کیلئے دورے پر موجود ہے اور انشا اللہ امسال بھی غیر ملکی خریدار وںاور مندوبین کی ایک بڑی تعداد پاکستان آئے گی جس سے مجموعی طور پر پاکستان کو فائدہ ہوگا ۔ انہوںنے ٹڈیپ کی جانب سے نمائش کے اخراجات کیلئے 5ملین کے فنڈز کے اجراء پراظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے غیر ملکی خریداروں کو پاکستان لانے اور انہیں ان کے معیار کے مطابق سہولتیں دینے کے لئے مذکورہ فنڈز ناکافی ہیں ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ نمائش کی سو فیصد کامیابی کیلئے فنڈز میں نہ صرف اضافہ کیا جائے بلکہ اس کے اجراء کوبھی یقینی بنایا جائے تاکہ عالمی نمائش کی تیاریوں کو بھی حتمی شکل دی جا سکے ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستا ن اس طرح کی عالمی نمائشوں کے ذریعے دنیا کے مختلف ممالک اور خصوصاً ا ن کے خریداروں سے رابطے بڑھا سکتا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ٹڈیپ کے سیکرٹری انعام اللہ خان دریجو اوردیگر افسران اپنا تعاون جاری رکھتے ہوئے ہمارے مطالبے کو سنجیدگی سے زیر غور لا کر اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے ۔

ای پیپر-دی نیشن