• news

اربوں روپے کی بندر بانٹ کرنیوالے کالا باغ کی حمایت کیوں کرینگے : عاصم رضا

لاہور(نیوزرپورٹر) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے رہنما عاصم رضا ، چیئرمین پنجاب لیاقت علی خان ، سابق چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو اور میاں ریاض نے کہا ہے کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا آبی دہشت گرد ہے جو پاکستان کو بنجر بنانے اور قحط سالی سے دوچار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ پوری قوم بھارت کو ارادوں سے باز رکھنے کیلئے اٹھ کھڑی ہو۔ کالا باغ ڈیم کی مخالفت کرنے والوں کو قومی مجرم قرار دیگر کر فوری طور پر گرفتار کر لیا جائے ۔ پاک آرمی آنے والی نسلوں اور پاکستان کی بقاء کی خاطر کالا باغ ڈیم کی تعمیر مکمل کروائیں پوری قوم ساتھ دے گی۔یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ہنگامی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔ عاصم رضا نے کہاکہ بھارت آبی دہشت گردی کرتے ہوئے پاکستانی دریاؤں کا پانی روکنے کیلئے دریاؤں پر چھوٹے بڑے ڈیم بنا کر پانی روک رہا ہے ، بھارت پچھلے تین سالوں سے افغانستان کے ساتھ ملکردریائے کابل پر ڈیم بنا رہا ہے جس کا بنیادی مقصد دریائے سندھ کے پانی کو روکنا ہے جبکہ ہمارے حکمران اور اپوزیشن جماعتیں حصول اقتدار کے جنگ لڑنے میں لگے ہوئے ہیں،انہوں نے کہاکہ کالاباغ ڈیم کو ملکی اور بین الاقوامی آبی ماہرین اور انجینئرز سٹیٹ آف دی آرٹ کا درجہ دے چکے ہیں ،آنے والی نسلوں کا مستقبل کالا باغ ڈیم سے مشروط ہے ،اس کے باوجود بھارت کی گود میں بیٹھ کر کالا باغ ڈیم کی مخالفت کرنے والے والوں کو جیل کی کوٹھریوں میں نہیں ڈالا جا سکا۔ انہوں نے کہاکہ کالا باغ ڈیم کے مقام سے اٹک تقریبا 95میل دور ہے جبکہ کالا باغ ڈیم کی جھیل تقریبا ً50 میل پیچھے تک جائے گی جبکہ اٹک 95میل دور ہے جبکہ نوشہرہ اس سے بھی کافی پیچھے ہے، انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں کالا باغ ڈیم ہی پاکستان کی خوشحالی کا ضامن ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن