لاہور نارووال کے درمیان چلنے والی پسنجر ٹرین کا افتتاح
اسلام آباد(خبر نگار)ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے محمد سفیان سرفراز ڈوگر نے لاہور اور نارووال کے درمیان چلنے والی نارووال پسنجر کے نام سے نئی ٹرین کا افتتاح آس محمد نامی مسافر سے کرایا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے سید علی رضوان رضوی اور تمام ڈویڑنل آفیسران بھی موجود تھے۔ ٹرین کے انجن اور تمام کوچز کو خوبصورت طریقے سے سجایا گیا تھا۔ ڈی ایس ریلوے لاہور نے افتتاح کے موقع پر آس محمد نامی مسافر جو کہ بزریعہ نئی ٹرین نارووال جا رہا تھا کے ہاتھ سے افتتاح کرایا۔ ڈی ایس ریلوے نے بتایا کہ ناووال پسنجر ٹرین 6 صاف ستھری اور خوبصورت اکانومی کلاس کوچز پر مشتمل ہے اور اس کا لاہور سے نارووال کا کرایہ 100 روپے رکھا گیا ہے جبکہ شاہدرہ، نارنگ اور بدوملہی اس کے درمیانی سٹاپ ہوں گے۔ مزید براں ڈی ایس ریلوے لاہور کہنا تھا کہ نارووال پسنجر ٹرین سیکشن کے عوام کے دل کی آواز ہے اور اس ٹرین سے سیکشن کے گردو نواں کے ہزاروں مسافر مستفید ہوں گے۔ یاد رہے یہ ٹرین لاہور سے نارووال کے لیے صبح 10 بجے جبکہ نارووال سے لاہور کے لیے دوپہر 2 بجے روانہ ہوا کرے گی۔