• news

سنگاپور میں ٹرمپ‘ کم جونگ تاریخی ملاقات‘ شمالی کوریا سیکورٹی ضمانت کے بدلے ایٹمی ہتھیار ختم کرنے پر رضامند‘ متعدد معاہدے

سنگاپور (اے ایف پی+ صباح نیوز+ سنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کورین سربراہ کم جونگ ان کے درمیان تاریخی ملاقات سنگاپور میں ہوئی، دونوں رہنماﺅں نے باہمی اعتماد کی فضا قائم رکھنے پر اتفاق اور مختلف معاہدوں پر دستخط کئے، ملاقات میں تقریباً 45منٹ تک بات چیت ہوئی، گرمجوشی سے کم ان اور ٹرمپ کا مصافحہ تاریخی لمحہ بن گیا، ون آن ون ملاقات میں شمالی کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کا معاملہ سرفہرست رہا۔ امریکی و شمالی کوریا سربراہان ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی جس میں شمالی کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کا معاملہ زیر بحث آیا، اس موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سربراہ سے کہا کہ مل جل کر دونوں ملک تمام مسائل حل کرلیں گے۔ شمالی کوریا سکیورٹی کے بدلے تمام ایٹمی ہتھیار ختم کرنے پر رضامند ہو گیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان بہت ذہین ہیں اور وہ انہیں وائٹ ہاﺅس مدعو کریں گے، کوریائی خطے میں جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کا آغاز بہت جلد ہو جائے گا، امریکہ نے دنیا کے خطرناک ترین مسئلے کو حل کر دیا۔ کم جونگ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اس ملاقات کے لئے تمام خدشات اور قیاس آرائیوں کو مسترد کیا، مجھے یقین ہے کہ یہ ملاقات امن کے لئے بہت مفید رہے گی۔ شمالی کوریا کے سربراہ سے ملاقات سے قبل جنوبی کوریا کے صدر مون جئے ان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ سربراہ ملاقات ختم ہوتے ہی نتائج سے آگاہ کرنے کے لئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو جنوبی کوریا بھیجیں گے۔پاکستان نے سنگا پور میں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رنما کم جونگ ان کے درمیان ملاقات کو خوش آئند قرار دیا ہے پاکستان وزارت خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ توقع ہے کہ یہ ملاقات خطے میں امن و استحکام کا سبب نے گی۔پاکستان کے سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا کہنا ہے کہ سنگا پور میں امریکی صدر اور شمالی کوریا کے رہنما کی ملاقات ہاتھ ملاننے سے زیادہ کچھ نہیں اور صدر ٹرمپ کو لگتا ہے کو اوباما کی طرح نوبل امن انعام مل جائے۔

شمالی کوریا

ای پیپر-دی نیشن