24 جون کو پشاور میں جلسہ الیکشن کا رخ متعین کرے گا: سراج الحق
لاہور/ لوئر دیر (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے نظریہ پاکستان کا تحفظ اور کرپشن کا خاتمہ ایم ایم اے کی سیاست کا اصل مقصد ہے۔ ملک کو 70سال تک اپنی منزل سے ڈی ریل کیا گیا ملک پر مسلط استحصالی اور طبقاتی نظام کی تمام تر ذمہ داری فرسودہ قیادت پر ہے۔ چہرے اور پینترے بدل کر عوام کے کندھوں پر سوار ہونا ہی ان لوگوں کی سپیشلائزیشن ہے لیکن اب ان اژدھوں کا دور گزر چکا، کوئی عالمی طاقت اور ان کی سرپرستی کرنے والی عالمی اسٹیبلشمنٹ بھی ان کو بچا نہیں سکے گی۔ ایم ایم اے 2018ء کے انتخابات میں ایک بڑی عوامی قوت بن کر سامنے آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے حلقہ انتخاب ثمر باغ میں افطار پارٹی کے شرکا سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا متحدہ مجلس عمل عید کے بعد پورے ملک میں رابطہ عوام مہم کو تیز کر ے گی اور کراچی، پشاور، ملتان سمیت بڑے بڑے شہروں میں بڑے عوامی جلسے کرے گی۔ 24جون کو پشاور میں ہونے والا جلسہ آنے والے الیکشن کی سمت کا رخ متعین کرے گا۔ نامہ نگار کے مطابق لوئر دیر میں ختم قرآن کی تقریب اور افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ مجلس عمل کی بحالی سے سیکولر قوتیں خوفزدہ ہیں، دینی اتحاد سے مذہبی ووٹ کی تقسیم روک پائے گی، 2018 کے عام انتخابات سے قوم کا مستقبل وابستہ ہے، مسلح جدوجہد کا وقت گزر چکا، تبدیلی کا اصل مرکز ووٹ کی قوت ہے۔