• news

جڑانوالہ : پولیس مقابلے میں منشیات فروش ہلاک، ایس ایچ او گولی لگنے سے زخمی

جڑانوالہ ، فیصل آباد (نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی) منشیات فروشوں کے ڈیرے پر چھاپے کے دوران پولیس مقابلہ میں ایک منشیات فروش ہلاک جبکہ ایس ایچ او زخمی ہوگیا جبکہ منشیات فروشوں کا ایک ساتھی ثاقب بھی فائرنگ سے زخمی ہوا جسے گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر ساتھی فرار ہوگئے ۔ مقابلہ کی اطلاع پر مزید بھاری نفری پہنچ گئی اور علاقہ کوگھیرے میں لے لیا۔ پولیس کو اطلاع ملی کہ چک 75/ ر۔ب لوھکے کا رانا اظہار الحق اور اسکا بیٹا ثاقب کافی عرصہ سے منشیات کا دھندہ کرتے ہیں جس پر پولیس نے منشیات فروشوں کے ڈیرے پر چھاپہ مارا تو وہاں موجود مبینہ اشتہاریوں نے فائرنگ شروع کردی۔ دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک مبینہ اشتہاری ذیشان مارا گیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر ایس ایچ او کھرڑیانوالہ افضل چیمہ زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے بعد فیصل آباد منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونیوالا ذیشان اشتہاری ہے جبکہ اسکے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ پولیس نے علاقہ کو گھیرے میں لیکر فرار ہونے والے مبینہ اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن