• news

سیالکوٹ: والی بال نہ کھلانے پر فائرنگ کر کے 3 افراد قتل‘ 2 شدید زخمی کر دیئے

سیالکوٹ(نامہ نگار)تھانہ کینٹ کے سرحدی گاؤں کوٹ باگڑیاں میں والی بال نہ کھلانے پر ملزمان نے فائرنگ کرکے تین افراد کو قتل اور دو کو شدیدزخمی کر دیا۔ ماڈل تھانہ کینٹ کے گاؤں کوٹ باگڑیاں میں رات گئے لڑکے آپس میں والی بال کھیل رہے تھے کہ ساتھ والے گاؤں کا رہائشی پی ٹی آئی کے سرگرم کارکن باؤ انور کا بیٹا شہریار عرف شیری اپنے دوستوں کے ہمراہ آیا اور انہیں ساتھ کھلانے کا کہا۔ لڑکوں کے انکار پر ان میں تلخ کلامی ہوئی جس پر شہریار ساتھیوں سمیت اپنے گاؤں گیا اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مسلح ہو کر آیا اور آتشیں اسلحہ سے والی بال کھیلنے والوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجہ میں یاسر علی،شبیر ،عاصم،شوکت علی اور امجد شدید زخمی ہو گئے۔بعدازاںیاسر اور شبیر جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گئے جبکہ عاصم گورنمنٹ علامہ اقبال ہسپتال زیادہ خون بہہ جانے پر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے مدثر ماجد کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرکے شہریار، باؤانور اور حسن شاہ کو گرفتار کرکے دیگر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن