• news

لاہور: 50 لاکھ کے ڈاکے‘ راولپنڈی میں چور بنک سے 12 کروڑ کا سونا‘ 8 لاکھ نقد لے گئے

لاہور، جڑانوالہ، راولپنڈی (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) ڈاکوئوں اور چوروںنے شہریوں سے لاکھوں روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے سندر کے علاقہ میں علی احمد کے گھر میں گھس کر اہل خانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر ساڑھے 7 لاکھ، ڈیفنس اے میں مبشر کی فیملی کو یرغمال بنا کر ساڑھے 6 لاکھ، جوہر ٹاؤن میں سجادکی فیملی کو یرغمال بنا کر 4 لاکھ 25 ہزار، لٹن روڈ میں اقبال خان اور اسکی فیملی سے 3 لاکھ، ستوکتلہ میں محمود اور اسکی فیملی سے 2 لاکھ کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، نشترکالونی میں جنید سے 50 ہزار اور موبائل فون، فیصل ٹائون میںصدیق سے 25 ہزار اور موبائل فون، سبزہ زار میں اخلاق سے 25 ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے گلشن راوی میں جاوید کے گھر سے 11 لاکھ، گلشن اقبال میں ارشد علی کے گھر سے 6 لاکھ، سبزہ زار میں پرویز اسلام کے گھر سے 5 لاکھ، راوی روڈ میں ارشد کے دفتر سے 3 لاکھ کی نقدی و دیگر سامان چوری کرلیا جبکہ چوروں نے مغلپورہ سے آصف علی، گلشن راوی سے امداد کی کاریں اور گجرپورہ سے ریاض، قلعہ گجر سنگھ سے اسحاق، سمن آباد سے احمد بٹ، گوالمنڈی سے فرید، چوہنگ سے فاروق، لوئر مال سے مبشر کی موٹرسائیکلیں چوری کرلیں۔دریں اثنا جڑانوالہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق منشیات فروشوں کے ڈیرے پر چھاپے کے دوران پولیس مقابلہ میں ایک منشیات فروش ہلاک جبکہ ایس ایچ او زخمی ہوگیا جبکہ منشیات فروشوں کا ایک ساتھی ثاقب بھی فائرنگ سے زخمی ہوا جسے گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر ساتھی فرار ہوگئے ۔ مقابلہ کی اطلاع پر مزید بھاری نفری پہنچ گئی اور علاقہ کوگھیرے میں لے لیا۔ پولیس کو اطلاع ملی کہ چک 75/ ر۔ب لوھکے کا رانا اظہار الحق اور اسکا بیٹا ثاقب کافی عرصہ سے منشیات کا دھندہ کرتے ہیں جس پر پولیس نے منشیات فروشوں کے ڈیرے پر چھاپہ مارا تو وہاں موجود مبینہ اشتہاریوں نے فائرنگ شروع کردی۔ دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک مبینہ اشتہاری ذیشان مارا گیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر ایس ایچ او کھرڑیانوالہ افضل چیمہ زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے بعد فیصل آباد منتقل کر دیا گیا۔ دریں اثنا راولپنڈی میں تھانہ کینٹ کے علاقے صدر میں بینک میں رات گئے چوری کی واردات میں 8 لاکھ روپے اور مبینہ طور پر12 کروڑ روپے مالیتی سونا چوری کرکے فرار ہوگئے۔ بینک افسران اور پولیس حکام چوری کی اس واردت کی اطلاع ملنے پر پہنچ گئے پولیس کوبینک منیجر رضوان علی نے بتایا کہ میں حیدر روڈ پر واقع پنجاب پراونشل بینک سے منگل کی صبح 7 بجے کیشیرنعیم شہزاد نے مجھے فون کرکے اطلاع دی کہ ہمارے بینک میں رات کو واردات ہوگئی ہے جس پر میں فوراً بینک پہنچ گیا اور دیکھا کہ مین گیٹ کے دروازے کاکنڈا اندر سے ٹوٹا ہوا تھا اور سکیورٹی گارڈ شوکت بینک میں موجود تھا جبکہ بینک گارڈ ضیاء الاسلام بیہوش پڑا تھامیں سٹرانگ روم میں گیا تو پڑتال کرنے پر معلوم ہوا کہ تقریباً 8 لاکھ روپے سے زیادہ کی نقدی اور طلائی زیورات غائب تھے۔ پولیس نے سکیورٹی گارڈ کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن