• news

تحریک لبیک پاکستان کا 20 نکاتی انتخابی منشور کا اعلان

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک پاکستان نے 20 نکاتی انتخابی منشور کا اعلان کردیا ہے۔ امیر تحریک حافظ خادم حسین رضوی اور پیر محمدافضل قادری نے گذشتہ روز پریس کانفرنس میں منشور اعلان کیا۔ منشور کے مطابق دستور آئین پاکستان ، تمام قوانین اور نظام مملکت کو شریعت محمدیہ میں ڈھالاجائیگا۔ اندرون و بیرون ملک دشمن اور ان کے ایجنٹوں کی ملک کے اندر مداخلت ختم کی جائیگی۔ ہم خیال اسلامی ممالک پر مشتمل اسلامی بلاک بنایاجائے گا اور امت مسلمہ کی مضبوطی کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔ لوگوں کی تمام بنیادی ضرورتیں نظام زکوۃ، عشروخراج و جزیہ اوردیگر ذرائع سے پورا کیاجائیگا۔ امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے نام سے ایک وزارت قائم کی جائیگی جو دین اسلام کی ترویج کیلئے کام کرے گی۔ خانقاہوں میں اعلیٰ دینی و اخلاقی تعلیم و تربیت کا نظم قائم کیا جائیگا اور مخلوط نظام تعلیم ختم کرکے علیحدہ نظام تعلیم رائج کیا جائے گا۔ صنعت و تجارت کی پوری قوم کو تربیت دی جائے گی۔ سود کا خاتمہ کیا جائیگا۔ فوجی و سول حکام کیلئے عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم لازم قراردی جائے گی اور حکام کیلئے سادہ طرز معاش کے قوانین بنائے جائیں گے۔ اسلامی حدود و تعزیرات کے ذرائع جرائم کا خاتمہ کیا جائے گا۔ علاج کی سہولت گھر کی دہلیز پر فراہم کی جائے گی۔ احتساب کا نظام دور فاروقی کی طرز پر قائم کیاجائیگا۔ میڈیا کو دینی، ملکی و ملی مسائل کا حل پیش کرنے اور لوگوں کی شاندار فکری ، عملی و اخلاقی تربیت کا پابند بنایاجائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن