• news

حافظ آباد: 5 بہنوں کا اکلوتا بھائی زیادتی کے بعد قتل‘ پولیس کرنٹ لگنے کا کہہ کر ٹرخاتی رہی

حافظ آباد، لاہور ( نمائندہ نوائے وقت+ نمائندگان) حافظ آبا دکے نواحی گائوں نالہ کلاں میںپانچ بہنوں کا اکلوتا 17سالہ بھائی مبینہ اجتماعی زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔ کسوکی پولیس نے قتل کو بجلی کے کرنٹ سے ہلاکت قرار دیکرمقتول کے مظلوم ورثاء کو ٹرخا دیا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر اجتماعی زیادتی اور تشدد کی تصدیق ہوئی تو قتل کو چھپانے کا بھانڈا پھوٹ گیا جس پر ورثا پولیس کیخلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ ڈی پی او نے ایس ایچ او ملزمان کیخلاف فوری مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرنے کا حکم دیدیا۔ موضع نالی کلاں بشمولہ کوٹ حسن خاں کے محنت کش اصغر علی کی قیادت میں اہل خانہ نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ 8جون کواسکے 17سالہ بیٹے اورپانچ بہنوں کے اکلوتے بھائی فخر زمان کو اسی گائوں کے بااثر شخص رانا لیاقت علی کے دو بیٹے آصف اور ناصر اپنے ملازمین عبدالرحمان عرف میشو، شاہد مصلی، سفیان عرف بادشاہ اور ارشد ولد یونس کے ہمراہ صبح تقریباً 9 بجے گھر سے بلا کر اپنے ڈیرے پر لے گئے جہاں انہوں نے مبینہ طور پر اسکے ساتھ اجتماعی زیادتی کی اور بعد ازاں اسے تشدد کرکے قتل کر دیا اور نعش ٹیوب ویل کی پانی والی حوض میں پھنسا دی اور فرار ہو گئے۔ دن تقریباً2بجے گھر والوں کو اطلاع ملی کہ فخر زمان کی نعش مذکورہ مقام پر پڑی ہے جس پر پولیس کو اطلاع دی گئی جس پر ڈی ایس پی صدر سرکل اور ایس ایچ او بھی موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے ملزمان کی مبینہ ملی بھگت سے قتل کو بجلی کے کرنٹ سے ہلاکت قرار دیکر مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا تاہم تین دن گذرنے کے بعد پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اجتماعی زیادتی اور تشدد کی تصدیق ہو نے پر مقتول کے ورثاء پولیس کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ۔دریں اثنا دیگر واقعات میں 2 کمسن لڑکیوں اور لڑکے کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ میانوالی میں 14 سالہ انعام کو ملزم عاطف، رینالہ خورد میں 13سالہ مہک کو ملزم سلیم مسیح، وزیر آباد میں 5 سالہ فجر کو کو ملزم صغیر زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔

ای پیپر-دی نیشن