شنگھا ئی تعاون تنظیم پاکستان‘ بھارت تنازعات کے حل میں بنیادی کردار ادا کر سکتی ہے: چین
بیجنگ (اے پی پی) چین نے اس توقع کا اظہار کیاہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم پاکستان بھارت تنازعات کے حل میں بنیادی کردار ادا کر سکتی ہے۔چینی وزیر خارجہ وانگ یائی نے چینی ذرائع ابلاغ کو انٹرویو میں کہا کہ ہمیں اس بات کا علم ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصہ سے حل طلب تنازعات موجود ہیں تاہم اب جبکہ دونوں ممالک گذشتہ سال شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن بن چکے ہیں ، ہم اس تنظیم کی صورت میں انہیں باہم تعلقات کی بہتری کے لئے بہتر پلیٹ فارم اور مواقع فراہم کرسکتے ہیں۔چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا ایس سی او کے رکن ممالک نے ایک دوسرے کے ساتھ اچھے تعلقات کا عزم کیا ہے ۔ انہوں نے ایس سی او کو پاکستان بھارت تعلقات کی بہتری کے لیے ’’گریٹ وہیکل‘‘ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا افغانستان میں استحکام شنگھائی تعاون تنظیم کے لئے علاقائی سلامتی کا اہم ترین ایشو ہے کیونکہ افغانستان ایس سی او کے اکثر رکن ممالک کا پڑوسی ہے۔