• news

فٹبال کا عالمی میلہ آج سے روس میں شروع‘ افتتاحی تقریب میں پاکستانی پرچم بھی لہرایا جائیگا

لاہور(سپورٹس ڈیسک+نوائے وقت رپورٹ)فیفا ورلڈ کپ کا آغاز آج سے روس میں ہورہا ہے۔میگاایونٹ میں شریک تمام ٹیمیں پہنچ چکی ہیں اور مقابلوں کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دیدی ہے۔روس میں ستاروں کی کہکشاں سجی ہوئی ہے۔ افتتاحی تقریب میں پاکستانی پرچم بھی لہرایا جائیگا۔ فٹ بال فرینڈ شپ کوارڈی نیٹر فہد خان کے مطابق پاکستانی پرچم ڈیرہ اسماعیل خان کا نوجوان سارنگ بلوچ اٹھائیگا۔ سارنگ بلوچ کو فٹ بال فرینڈ شپ میں ینگ ایمبیسڈر بنایا گیا ہے ۔ 500ڈانسر ز‘جمناسٹ اور دیگر فنکار افتتاحی تقریب میں پرفارم کرینگے ۔ فیفا کے مطابق افتتاحی تقریب گزشتہ ورلڈ کپ کے ایونٹس سے ہٹ ہو کر ہوگی ۔ تقریب رات ساڑھے سات بجے شروع ہو گی ۔ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ آج روس اور سعودی عرب کے درمیان ہوگا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے شروع ہوگا۔کل تین میچ کھیلے جائیں گے ‘پہلامیچ شام پانچ بجے مصر اور یورا گوئے ‘شام آٹھ بجے مراکش اور ایران جبکہ رات گیارہ بجے سپین اور پرتگال مد مقابل ہونگے ۔فائنل پندرہ جولائی کو ماسکو میں ہوگا۔جرمنی کی ٹیم اپنے اعزازکا دفاع کرےگی، 2014میں برازیل میں ہونےوالے ورلڈ کپ میں اس نے ارجنٹائن کوشکست دےکرچوتھی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔گذشتہ 44 سال سے روایت ہے کہ میزبان ٹیم کو سیڈڈ مانا جاتا ہے اسی لیے روس ان میں شامل ہے ورنہ 66ویں عالمی رینکنگ کےساتھ روس بھی باہر ہو چکا ہوتا۔تاہم ماضی کے برعکس ورلڈ کپ کی میزبانی کرنا کامیابی کا راستہ نہیں۔ 1930 سے 1978 کے 11 ورلڈ کپ مقابلوں میں پانچ میزبان کامیاب ہوئے۔ تاہم اس کے بعد سے گذشتہ نو ٹورنامنٹس میں صرف ایک مرتبہ (1998 میں فرانس) میزبان ملک کامیاب رہا ہے۔اگرچہ امریکہ، جاپان، جنوبی کوریا یا جنوبی افریقہ کے میزبان ہوتے ہوئے ویسے ہی ورلڈ کم جیتنے کے امکان کم تھے مگر 1990 میں اٹلی، 2006 میں جرمنی، اور 2014 میں برازیل کو بھی میزبانی مہنگی پڑی۔
فیفا ورلڈ کپ

ای پیپر-دی نیشن