• news

باجوڑ‘ ڈی آئی خان: دہشت گردی کے منصوبے ناکام‘ اسلحہ‘ گولہ بارود برآمد

باجوڑ+ ڈیرہ اسماعیل خان+ کراچی+ ملتان (آئی این پی+ نامہ نگار+ کرائم رپورٹر+ صباح نیوز) باجوڑ اور ڈی آئی خان میں دہشت گردی کے منصوبے ناکام بناکر بڑی تعداد میں اسلحہ، بم، بارود برآمد کرلیا گیا۔ کراچی اور ملتان سے کالعدم تنظیم کے ارکان، دہشت گردوں سمیت 7ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔ باجوڑ میں خفیہ اداروں اور ایف سی کے جوانوں نے بدھ کے روز تحصیل ماموند کے گاؤں گبری میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران اسلحے کی بڑی کھیپ برآمد کر لی۔ ذرائع ایف سی کے مطابق خفیہ کارروائی میں راکٹ لانچر، ریموٹ کنٹرول بم، دستی بم، بم بنانے کا سامان اور بڑی تعداد میں کارتوس اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ایف سی کے مطابق اسلحہ تخریب کاری میں استعمال ہونا تھا۔ پکڑے گئے ریموٹ کنٹرول بم کو موقعہ پر ناکارہ بنادیئے گئے ہیں۔ کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ ڈی آئی خان میں بھی دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، بیساکھی گرائونڈ کے سامنے نکاسی آب کے نالہ سے برآمد ہونے والا روسی ساختہ دستی بم ناکارہ بنا دیا گیا، تھانہ سٹی کی حدود میں بیساکھی گرائونڈ کے سامنے نکاسی آب کے نالہ کی صفائی کے دوران مشکوک سامان کی اطلاع پر مقامی پولیس اور بم سکواڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور انہوں نے نے ایک روسی ساختہ دستی بم و دیگر سامان برآمد کرلیا۔ بم سکواڈ عملہ نے دستی بم کو ناکارہ بنا دیا۔ یہ سامان دہشت گردی میں استعمال ہونا تھا۔ رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر ٹارگٹ کلرز سمیت 5 ملزمان کو گرفتار اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق سعید آباد سے گرفتار ہونے والے دو ملزمان محمد زبیر عرف شہباز اور محمد نیاز عرف دانش لنگڑا کا تعلق کالعدم سپاہ صحابہ پاکستان سے ہے جو فرقہ وارانہ اور سیاسی ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث ہیں جبکہ ڈیفنس‘ کلفٹن اور صدر سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان اسد اکرم‘ ناصر اقبال اور محمد آصف کو گرفتار کیا گیا۔ ملتان کے نواحی علاقے میں کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں نے متعلقہ پولیس کے ہمراہ چھاپہ مار کارروائی کے دوران 2دہشتگردوں کو دھر لیا جن کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن