• news

نظریہ پاکستان، آئین کا تحفظ چاہتے ہیں، تمام جماعتوں کو ٹف ٹائم دینگے: خادم رضوی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی امیر علامہ خادم حسین رضوی کی سربراہی میں ارکان شوریٰ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں عام انتخابات کے حوالے سے حتمی مراحل پر بات چیت ہوئی۔ اجلاس میں سرپرست اعلیٰ تحریک لبیک پیر محمد افضل قادری، نائب مرکزی امیر و نائب ناظم اعلیٰ سید ظہیر الحسن شاہ اور دیگر اراکین مرکزی شوریٰ نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ ہمارا مقصد نفاذ اسلام ہے جس کے لئے ہم پُرعزم ہیں۔ اجلاس میں الیکشن سیل کے ذمہ داروں نے بھی شرکت کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مرکزی امیر علامہ خادم حسین رضوی کا کہنا تھا کہ اب تک 1000 سے زائد امیدواروں کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں نامور علماء مشائخ اور سیاسی و سماجی شخصیات شامل ہیں۔ مرکزی امیر نے مزید بتایا کہ کئی امیدواروں کو پارٹی ٹکٹس بھی جاری کئے جا چکے ہیں اور باقی ٹکٹوں کا اجرا بھی جلد کر دیا جائے گا جبکہ تمام صوبوں کی اعلیٰ قیادت سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے پورے پاکستان میں تحریک کا کام بڑھا رہے ہیں۔ ہمارا مقصد نظریہ پاکستان و آئین پاکستان کا تحفظ ہے اور اس کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ تحریک لبیک پاکستان پچھلی تمام سیاسی جماعتوں کو ٹف ٹائم دیگی۔ ملک اسلام کے نام پر بنا ہے اس لئے یہاں یہود و نصاریٰ اور ان کے ایجنٹوں کی کوئی جگہ نہیں۔ حساس ادارے، نگران حکومت اور عدلیہ صاف شفاف الیکشن کیلئے کردار ادا کریں۔

ای پیپر-دی نیشن