لاہور: 2 ڈاکو حوالات کی دیوار توڑ کر فرار، آئی جی نے رپورٹ طلب کرلی
لاہور، حیدر آباد ٹائون (نامہ نگار+ اے این این) تھانہ لوئرمال میں حوالات کی دیوار توڑ کردو ڈاکو فرار ہوگئے ہیں۔ ڈکیتی اورچوری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث گرفتار دو خطرناک ڈاکو قربان اور عثمان گزشتہ روز تھانہ لوئر مال کی حوالات کی دیوار توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ عدالت نے دونوں ڈاکوؤں کو جسمانی ریمانڈ پرتھانہ لوئر مال انوسٹی گیشن پولیس کے حوالے کیا تھا۔ آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور امین وینس سے رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ سی سی پی او لاہور امین وینس نے دونوں ڈاکوئوں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں ۔سی سی پی او کا کہنا ہے کہ دونوں ڈاکوئوں کو فرار کرانے اور فرائض میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔علاوہ ازیں گزشتہ روز پولیس حکام نے مستری کو بلوا کر تھانہ لوئر مال حوالات کی دیوار میں ڈاکوؤں کی طرف سے توڑی گئی دیوار مرمت کرالی۔ دریں اثنا ء اس موقع پر پولیس اہلکار کی غفلت کے حوالے سے ایک موبائل فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں مستری حوالات کی ٹوٹی ہوئی دیوارتعمیر کر رہا ہے جبکہ اسکے پاس ہی ایک پولیس اہلکار ڈیوٹی کی بجائے چٹائی پر لیٹا موبائل فون پر خوش گپیوں میں مصروف ہے۔دوسری طرف لوئر مال تھانے کی حوالات توڑ کر دو ملزموں کے فرار ہونے پر دو اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ تھانہ لوئر مال کے نائب محرر اور کانسٹیبل مدثر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
دریں اثنا حیدر آباد ٹائون میں تھانہ عطا شہید کی پولیس چوکی سے دو انتہائی خطرناک ملزمان ہتھکڑیوں سمیت فرار ہوگئے۔ پولیس چوکی کے انچارج سمیت 5 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا۔ قتل اقدام قتل اور ڈکیتی کے الزام میں منظور اور اللہ دتہ کو چوکی میں ہتھکڑی لگا کر چارپائی کے ساتھ باندھ رکھا گیا تھا تاہم موقع پاکر ملزمان ہتھکڑی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔